اسلام آباد۔31جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ صحافت ریاست کا اہم ستون ہے اور مسلم لیگ (ن) ملک میں آزادی صحافت کی امین ہے، ہم میڈیا اور اظہار رائے کی آئینی آزادیوں پر یقین رکھتے ہیں، وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں آزادی صحافت کے فروغ کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہے ہیں، جرنلسٹ اینڈ میڈیا پروفیشنلز پروٹیکشن (ترمیمی) بل 2022 وزارت اطلاعات کو موصول ہو گیا ہے جس کو حتمی شکل دینے کے لئے خصوصی کمیٹی کام کر رہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ (پی ایف یو جے)کے نو منتخب عہدیداروں سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے یہاں وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب سے ملاقات کی۔ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کے ملاقات کے لئے آنے والے وفد میں پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ، سیکرٹری جنرل ارشد انصاری، سیکرٹری فنانس لالہ اسد پٹھان سمیت دیگر عہدیداران شامل تھے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے پی ایف یو جے کے نومنتخب عہدیداران کو کامیابی کی مبارکباد دی اور کہا کہ حکومت آزادی اظہار رائے پر کامل یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافت ریاست کا اہم ستون ہے اور مسلم لیگ (ن) ملک میں آزادی صحافت کی امین ہے، وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں آزادی صحافت کے فروغ کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ ہم میڈیا اور اظہار رائے کی آئینی آزادیوں پر یقین رکھتے ہیں، صحافیوں کے حقوق کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ جرنلسٹ اینڈ میڈیا پروفیشنلز پروٹیکشن (ترمیمی) بل 2022 وزارت اطلاعات کو موصول ہو گیا ہے جس کو حتمی شکل دینے کے لئے خصوصی کمیٹی کام کر رہی ہے، کمیٹی میں وزارت اطلاعات و نشریات ، وزارت قانون، وزارت انسانی حقوق اور میڈیا کے نمائندے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنانے کے لئے وزارت اطلاعات نے میڈیا ہائوسز کو ریکارڈ ادائیگیاں کی ہیں، میڈیا ہائوسز کی ادائیگیوں کو صحافیوں کو تنخواہوں کی ادائیگی سے منسلک کر رہے ہیں۔
اس موقع پر پی ایف یو جے کے وفد نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کو صحافی برادری کو درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے صحافی برادری کے مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور امید ظاہر کی کہ پی ایف یو جے کی نومنتخب باڈی صحافی برادری کے اعتماد پر پورا اترے گی اور ان کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی۔ ملاقات میں پرنسپل انفارمیشن آفیسر (پی آئی او) مبشر حسن سمیت وزارت اطلاعات کے دیگر حکام بھی موجود تھے۔