اسلام آباد۔7اگست (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نےبلوچستان کے ضلع مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر فتنتہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں لازوال ہیں۔بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم نے حملے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے میجر محمد رضوان طاہر، نائیک ابن امین اور لانس نائیک محمد یونس کو خراج عقیدت پیش کیا۔وزیراعظم نےشہداء کے بلندی درجات کیلئے دعا کی اور ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔وزیراعظم نےجوابی کارروائی میں فتنتہ الہندوستان کے 4 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے جوان ملک کی حفاظت کے لئے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑے ہیں،پوری قوم شہداء کو سلام پیش کرتی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں لازوال ہیں ،ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔