ڈائریکٹر جنرل پی آئی ڈی شفقت عباس خان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی معاشی حکمت عملی سے ملکی استحکام کی نئی راہیں کھل رہی ہیں، جبکہ ذمہ دار صحافت قومی اعتماد اور مثبت معاشرتی ترقی کی بنیاد ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی معاشی حکمت عملی سے استحکام کی نئی راہیں کھل رہی ہیں، ذمہ دار صحافت قومی اعتماد کی بنیاد ہے،ڈائریکٹر جنرل پی آئی ڈی شفقت عباس خان کا فیصل آباد ایڈیٹرز کونسل کے زیر اہتمام اجلاس سے خطاب

مزید خبریں
لاہور۔ 10 جولائی (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) لاہور شفقت عباس خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت کے معاشی اصلاحاتی اقدامات کے باعث پاکستان بتدریج معاشی استحکام کی جانب گامزن ہے جبکہ موجودہ ڈیجیٹل دور میں حقائق پر مبنی، متوازن اور ذمہ دارانہ صحافت قومی یکجہتی، جمہوری استحکام اور عوامی اعتماد کے فروغ کے لیے ناگزیر حیثیت اختیار کر چکی ہے۔
وہ جمعہ کو فیصل آباد ایڈیٹرز کونسل کے زیر اہتمام منعقدہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا میڈیا ہمیشہ عوامی شعور بیدار کرنے، جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے اور صحت مند مکالمے کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتا رہا ہے، تاہم سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے اس دور میں غلط معلومات کے تیزی سے پھیلاؤ نے ذمہ دارانہ صحافت کی اہمیت مزید بڑھا دی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ تصدیق شدہ معلومات، متوازن رپورٹنگ اور تعمیری تنقید ہی قومی اداروں کو مضبوط اور عوامی اعتماد کو مستحکم بنا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت نے گزشتہ ایک سال کے دوران معیشت کی بحالی کے لیے مشکل مگر ناگزیر فیصلے کیے جن کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی شرح میں نمایاں کمی، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ، سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ بہتری اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ ملکی معیشت درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف)، بین الاقوامی مالیاتی اداروں اور مختلف عالمی ریٹنگ ایجنسیوں نے بھی پاکستان کی معاشی سمت اور اصلاحاتی اقدامات کو مثبت قرار دیا ہے جس کے نتیجے میں عالمی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا اور بیرونی سرمایہ کاری کے امکانات میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے فیصل آباد کو ملک کا صنعتی مرکز قرار دیتے ہوئے کہا کہ صنعتی ترقی سے برآمدات، روزگار کے نئے مواقع اور کاروباری سرگرمیوں میں خاطر خواہ اضافہ ممکن ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صنعت دوست ماحول کی فراہمی، سرمایہ کاری کے فروغ اور نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کے لیے متعدد اقدامات پر عمل پیرا ہے تاکہ ملکی معیشت کو مزید مضبوط بنیادیں فراہم کی جا سکیں۔ شفقت عباس خان نے کہا کہ حکومت بنیادی ڈھانچے کی بہتری، رابطہ کاری، عوامی سہولیات اور قومی ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ زرعی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے فروغ، معیاری بیجوں کی فراہمی، بہتر آبی انتظام اور زرعی برآمدات میں اضافے کے لیے بھی مختلف پروگرامز پر کام جاری ہے تاکہ غذائی تحفظ اور پائیدار معاشی ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔ امن و امان کی صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردی کے خلاف مؤثر کارروائیوں اور سرحدی انتظام کو مزید مضبوط بنایا ہے جس سے ملک میں امن و استحکام کی فضا بہتر ہوئی اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے سفارتی محاذ پر بھی نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی متوازن خارجہ پالیسی کے نتیجے میں امریکہ، چین، اسلامی ممالک اور ڈی۔8 سمیت مختلف عالمی شراکت داروں کے ساتھ تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں جس سے تجارت، سرمایہ کاری اور علاقائی تعاون کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔اس موقع پر انہوں نے قومی بیانیے کو مؤثر انداز میں عوام تک پہنچانے اور حکومت و عوام کے درمیان اعتماد کی فضا مضبوط بنانے میں علاقائی میڈیا اور ایڈیٹرز کونسلز کے کلیدی کردار کو بھی سراہا۔ قبل ازیں سیکرٹری جنرل فیصل آباد ایڈیٹرز کونسل سید محمد منیر جیلانی نے ڈائریکٹر جنرل شفقت عباس خان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے علاقائی میڈیا سے براہ راست رابطے اور مشاورت کا فروغ خوش آئند اقدام ہے جس سے نہ صرف حکومت اور میڈیا کے درمیان اعتماد میں اضافہ ہوگا بلکہ قومی معاملات پر مؤثر ابلاغ کو بھی تقویت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی اخبارات ہمیشہ عوامی مسائل اور زمینی حقائق کو اجاگر کرنے میں پیش پیش رہے ہیں، اس لیے قومی پالیسی سازی اور اطلاعاتی حکمت عملی میں علاقائی میڈیا کی مؤثر شمولیت وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وفاقی حکومت اور علاقائی میڈیا کے درمیان اس نوعیت کے رابطوں کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔ اجلاس کے دوران مختلف علاقائی اخبارات کے مدیران نے بھی اظہار خیال کیا اور ڈائریکٹر جنرل پی آئی ڈی لاہور کی فیصل آباد آمد کو خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے علاقائی میڈیا سے براہ راست رابطے اور مشاورت کا فروغ قابل تحسین اقدام ہے جو قومی بیانیے کی تشکیل، زمینی حقائق کو حکومتی سطح تک پہنچانے، باہمی اعتماد کے فروغ اور قومی یکجہتی کے استحکام میں مؤثر کردار ادا کرے گا۔ تقریب کے اختتام پر ڈائریکٹر جنرل پی آئی ڈی لاہور شفقت عباس خان نے میڈیا نمائندگان کی آراء اور تجاویز کو ملکی ترقی کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے ان کے تعاون پر شکریہ ادا کیا جبکہ فیصل آباد ایڈیٹرز کونسل کی جانب سے انہیں یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔








