وزیراعظم شہباز شریف کی چائنا کنسٹرکشن تھرڈ انجنئیرنگ بیورو کو پاکستان میں قابل تجدید توانائی منصو بوں میں سرمایہ کاری کی دعوت

اسلام آباد۔2دسمبر (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے باہمی تعلقات ہر دور میں انتہائی قابل اعتبار اور مثالی رہے ہیں۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار چائنا کنسٹرکشن تھرڈ انجنئیرنگ بیورو کے وفد سے گفتگو کرتےہوئے کیا جس نے جمعہ کو یہاں ان سے ملاقات کی ۔ وفد کی سربراہی کمپنی کے وائس چئیرمین تان گو فو کررہے تھے۔ ملاقات میں وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان اور چین کے باہمی تعلقات ہر دور میں انتہائی قابل اعتبار اور مثالی رہے ہیں۔ وزیر اعظم نے چائنا کنسٹرکشن تھرڈ انجنئیرنگ بیورو کے وفد کا خیر مقدم کیا، اور اپنے گزشتہ دورۂ چین کے دوران کمپنی کے صدر سے ہونے والی ملاقات کا ذکر کیا۔وزیر اعظم نے کمپنی کے وائس چئیرمین جناب تان گو فو کی جانب سے پاکستان میں انفراسٹرکچر اور توانائی کے منصوبوں میں مزید سرمایہ کاری کے عزم کو سراہا۔وزیر اعظم نے چائنا کنسٹرکشن تھرڈ انجنئیرنگ بیورو کو پاکستان میں قابل تجدید خصوصا شمسی توانائی کے منصوبہ جات میں بھرپور سرمایہ کاری کی دعوت دی۔وزیر اعظم نے سیلاب زدگان کی مدد کے لیے مختلف اشیاء عطیہ کرنے پر کمپنی کا شکریہ ادا کیا۔ملاقات میں وزیر اعظم کے معاونین خصوصی طارق فاطمی، ظفرالدین محمود اور متعلقہ اعلی سرکاری حکام بھی موجود تھے۔\932