نیویارک۔23ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کویت کیساتھ تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، لائیوسٹاک، افرادی قوت کی برآمد اور صحت کے شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور کویت کے مابین دیرینہ، تاریخی اور برادرانہ تعلقات ہیں ۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے منگل کو جاری بیان کے مطابق نیویارک میں اقوام متحدہ کی …
وزیراعظم شہباز شریف کی کویت کے ولی عہد سے ملاقات،دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اعادہ

مزید خبریں
نیویارک۔23ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کویت کیساتھ تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، لائیوسٹاک، افرادی قوت کی برآمد اور صحت کے شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور کویت کے مابین دیرینہ، تاریخی اور برادرانہ تعلقات ہیں ۔
وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے منگل کو جاری بیان کے مطابق نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر کویت کے ولی عہد شیخ صباح الخالد الحمد المبارک الصباح سے دوطرفہ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعظم شہبازشریف نے کویت کے امیر شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح کیلئے احترام اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان اور کویت ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں، وزیراعظم نے پاکستان میں حالیہ سیلاب کے بعد کویت کی طرف سے اظہار یکجہتی پر ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔
دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کے حوالے سے مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے پاکستان کے کویت کیساتھ تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، لائیوسٹاک، افرادی قوت کی برآمد اور صحت سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا ۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان رواں برس کے آخر میں کویت کے ولی عہد کے پاکستان کے سرکاری دورے اور انکی میزبانی کا منتظر ہے، جس کیلئے تاریخیں سفارتی ذرائع سے طے کی جا رہی ہیں۔
دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال سمیت علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ کویت کے ولی عہد نے عالمی برادری کے سامنے فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم کو موثر انداز میں بے نقاب کرنے کے ساتھ ساتھ خطے میں قیام امن کے لیے اہم کردار ادا کرنے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا۔ دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ اور کثیر جہتی فورمز پر قریبی تعاون کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔








