انسانیت کی خدمت کرنے والے فلاحی اداروں کی حوصلہ افزائی کرنا بہت ضروری ہے،گورنر پنجاب
انسانیت کی خدمت کرنے والے فلاحی اداروں کی حوصلہ افزائی کرنا بہت ضروری ہے،گورنر پنجاب

مزید خبریں
لاہور۔22ستمبر (اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ انسانیت کی خدمت کرنے والے فلاحی اداروں کی حوصلہ افزائی کرنا بہت ضروری ہے، سندس فائونڈیشن کی انسانیت کی بھلائی کے لئے خدمات قابل تحسین ہیں، زندگی وہ ہے جو دوسروں کی بھلائی کے لئے گزاری جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس لاہور میں مخیر حضرات کے تعاون سے سندس فائونڈیشن کو ایمبولینسز عطیہ کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ سندس فائونڈیشن جیسے فلاحی ادارے جو انسانیت کی بے لوث خدمت کررہے ہیں ، جن کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی ہونی چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے اس دور میں غریب مریضوں کے لئے سفری سہولیات بہت مشکل ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ سندس فائونڈیشن ایک قابل اعتماد ادارہ ہے جوتھیلیسیمیااور ہیموفیلیا کے مریضوں کی خدمت میں پیش پیش ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی ایک مریض کی جان بچانا پوری انسانیت کی جان بچانے کے مترادف ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ یہ صرف ایمبولینسز نہیں بلکہ کسی کی جان بچانے کا ذریعہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایمبولینسز مریضوں اور ان کے خاندانوں کو بروقت طبی مراکز پہنچانے میں مددگار ثابت ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ مخیر حضرات کو چاہیے کہ وہ ایسے فلاحی اداروں کی بڑھ چڑھ کر مدد کریں۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ گورنر ہائوس کے دروازے دکھی انسانیت کی مدد کے لیے ہر وقت کھلے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میاں محمد اجمل نے فلاحی ادارے کوایمبولینسز کا عطیہ دے کر انسانیت کو زندہ رکھا ہے۔گورنر پنجاب نے اس امید کا اظہار کیا کہ سندس فائونڈیشن انسانی خدمت کا مشن بھر پور جذبے سے جاری رکھے گا۔اس موقع پر گورنرپنجاب نے چیئرمین چیمبر آف فوڈ اینڈ ایگریکلچر میاں محمد اجمل کے تعاون سے عطیہ کی گئیں ایمبولینسز کی چابیاں سندس فائونڈیشن کے حوالے کیں۔گورنر پنجاب نے ایمبولینسز میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ بھی لیا۔ تقریب میں سندس فائونڈیشن کے بانی و صدر محمد یاسین خان سمیت دیگر موجود تھے۔







