اسلام آباد ۔ 25 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم صحت انصاف پروگرام کے تحت خیبر پختونخوا میں صحت انصاف کارڈ کی رقم 7 لاکھ 20 ہزار سے بڑھا کر 10 لاکھ 80 ہزار روپے کر دی گئی ہے۔وزیراعظم صحت انصاف کارڈ پروگرام کے تحت صوبہ میں تمام خاندانوں کو صحت انصاف کارڈ بلاتفریق فراہم کیے جائیں گے۔صحت انصاف کارڈ کی فراہمی کے لیے سٹیٹ لائف انشورنس کے ساتھ آئندہ ماہ معاہدہ طے پا جائے گا۔ بدھ کو خیبر پختونخوا کے ڈائریکٹر صحت ڈاکٹر ریاض تنولی نے کہا کہ وزیراعظم صحت انصاف پروگرام کے تحت خیبر پختونخوا میں صحت انصاف کارڈ کی رقم 7 لاکھ 20 ہزار سے بڑھا کر 10 لاکھ 80 ہزار روپے کر دی گئی ہے صحت انصاف کارڈ میں اب 4 لاکھ روپے بڑی امراض کے لیے جبکہ 4 لاکھ روپے بنیادی پیکج جبکہ 2 لاکھ روپے ثانوی بیماریوں کے لیے رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل وزیراعظم صحت انصاف کارڈ میں 3 لاکھ بنیادی امراض اور کسی ایمریجنسی کی صورت میں 7 لاکھ روپے تک علاج کروایا جاسکتا تھا لیکن صوبہ میں علاج معالجہ کی سہولیات تمام افراد کو بلا تفریق پہچانے کے لیے حکومت نے صحت انصاف کارڈ کی رقم کو بڑھا کر 10 لاکھ 80 ہزار روپے کیا ہے جسے صوبہ کے عوام نے بہت سراہا ہے۔ ڈاکٹر ریاض تنولی نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا کی حکومت نے صوبہ کے تمام خاندانوں کو صحت انصاف کارڈ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا جس پر جلد کام شروع کیا جارہا ہے اور رواں سال دسمبر میں صوبہ کے تمام خاندانوں کو بلاتفریق صحت انصاف کارڈ کی فراہم کیے جایئں گے۔