اسلام آباد ۔ 30 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان احساس پروگرام کے تحت کفالت پروگرام کا کل جمعہ کو افتتاح کریں گے جس کے تحت ملک بھر میں تیسرے مرحلہ میں کل 70 لاکھ خواتین کو مالی طور پر با اختیار بنایا جائے گا۔ سماجی تحفظ اور تخفیف غربت ڈویژن کے ذرائع کے مطابق پہلے مرحلہ میں 70 اضلاع میں 10 لاکھ خاندانوں کے اندراج کے ساتھ غریبوں …
وزیراعظم عمران خان احساس پروگرام کے تحت کفالت پروگرام کا کل افتتاح کریں گے

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 30 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان احساس پروگرام کے تحت کفالت پروگرام کا کل جمعہ کو افتتاح کریں گے جس کے تحت ملک بھر میں تیسرے مرحلہ میں کل 70 لاکھ خواتین کو مالی طور پر با اختیار بنایا جائے گا۔ سماجی تحفظ اور تخفیف غربت ڈویژن کے ذرائع کے مطابق پہلے مرحلہ میں 70 اضلاع میں 10 لاکھ خاندانوں کے اندراج کے ساتھ غریبوں کے اس پروگرام کیلئے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔2 ہزار روپے ماہانہ نقد رقم، 75 ہزار روپے بلاسود قرضہ اور مرحلہ وار دیگر سہولیات فراہم کرنے کیلئے احساس کفالت پروگرام میں 70 لاکھ مستحق خواتین کا اندراج کیا جائے گا۔ ان خاندانوں کو فروری، مارچ 2020ءسے کفالت اعزازیہ ملنا شروع ہو جائے گا جبکہ دیگر مستحقین کا ڈیسک رجسٹریشن کے ذریعے اندراج کیا جائے گا۔ ایس ایم ایس اور کفالت ویب سروس کے ذریعے گھر گھر سروے اور احساس نادرا ڈیسک رجسٹریشن سنٹر کے ذریعے مستحقین کی نشاندہی کی جائے گی۔ اندراج کے بعد ان کی اہلیت کی تجزیاتی اعداد و شمار کے مطابق تصدیق کی جائے گی اور شفافیت یقینی بنانے کیلئے بائیو میٹرک احساس ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم کے ذریعے ادائیگی کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق جن خواتین کے اپنے بینک اکاﺅنٹس ہوں گے اور اے ٹی ایم کے ذریعے ان کی بائیو میٹرک ہو چکی ہو گی وہ پوائنٹ آف سیلز ایجنٹ، مخصوص برانچوں حبیب بینک لمیٹڈ اور الفلاح بینک سے رقوم نکلوا سکیں گی۔ مستحقین اپنے سیونگ اکاﺅنٹس کے ذریعے 2 ہزار روپے ماہانہ نقد مدد بھی نکل سکیں گے، ساری ادائیگیاں بائیو میٹرک کے ذریعے ہوں گی۔ ذرائع نے بتایا کہ مستحقین کا معیار زندگی بہتر کرنے کیلئے احساس پروگرام کے تمام مواقع استعمال کئے جائیں گے۔








