مانچسٹر سٹی نے انگلش پریمیئر لیگ کے ایک میچ میں بورن مائوتھ کو شکست دے دی جبکہ برائٹن اینڈ ہوو البیون کی ٹیم نے بآسانی آسٹن ولا کو 0-4 گول سے ہرا دیا
انگلش پریمیئر لیگ،مانچسٹر سٹی اور برائٹن اینڈ ہوو البیون نے اپنے میچز جیت لئے
لندن۔24اگست (اے پی پی):مانچسٹر سٹی نے انگلش پریمیئر لیگ کے ایک میچ میں بورن مائوتھ کو شکست دے دی جبکہ برائٹن اینڈ ہوو البیون کی ٹیم نے بآسانی آسٹن ولا کو 0-4 گول سے ہرا دیا۔ ای ایس پی این کے مطابق انگلش پریمیئر فٹ بال لیگ کا 35 واں سیزن انگلینڈ میں جاری ہے جس میں شائقین فٹ بال کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔اتحاد سٹیڈیم مانچسٹر کے مقام پر کھیلے گئے لیگ کے اہم میچ میں مانچسٹر سٹی اور بورن مائوتھ کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں جس میں مانچسٹر سٹی کی ٹیم نے سخت مقابلے کے بعد حریف ٹیم بورن مائوتھ کو ایک کے مقابلے میں 2 گول سے ہرا دیا۔مارک گوہی اورجوسکو گیوارڈیول نے ایک،ایک گول کر کے اپنی ٹیم مانچسٹر سٹی کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ بورن مائوتھ کی جانب سے واحد گول مارکس ٹرنیئر نے سکور کیا۔ یہ مانچسٹر سٹی کی ای پی ایل میں پہلی فتح ہے اور اس نے فتح کے ساتھ ہی 3 قیمتی پوائنٹس بھی حاصل کرلئے ہیں۔امریکن ایکسپریس سٹیڈیم، فالمیر، انگلینڈ میں کھیلے گئے ایک اور میچ میں برائٹن اینڈ ہوو البیون اور آسٹن ولا کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں جس میں برائٹن اینڈ ہوو البیون نے ٹیم نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹن ولا کی ٹیم کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 0-4 گول سے ہرا دیا۔جیک ہنشیل ووڈ نے 2 جبکہ وکٹر لنڈیلوف اور میکسم ڈی کیوپر نے ایک، ایک گول کر کے اپنی ٹیم کو فتح دلائی۔ یہ برائٹن اینڈ ہوو البیون کی ای پی ایل میں پہلی فتح ہے۔









