وزیراعظم عمران خان اعتماد کے ووٹ میں سرخرو ہوں گے،وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی میڈیا سے گفتگو

61

اسلام آباد۔5مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ آج کا دن بہت اہم ہے، نمبرز پورے ہیں اور وزیراعظم عمران خان اعتماد کے ووٹ میں سرخرو ہوں گے۔ جمعہ کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے ڈھائی سال پوری کوشش کی کہ وزیراعظم عمران خان ناکام ہوں لیکن وہ نہیں ہوئے۔

ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی پریس ریلیز دیکھنے کی بجائےہفتہ کو ہونے والےقومی اسمبلی کے اجلاس کی طرف دیکھنا چاہیے، یہ ایک بڑا دن ہے ، پارلیمانی اجلاس میں سارے ارکان شامل تھے اورہفتہ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں بھی تمام ارکان وزیراعظم عمران خان کے ساتھ کھڑے ہوں گے اور مجھے یقین ہے کہ وہ اعتماد کے ووٹ میں سرخرو ہوں گے۔