اسلام آباد۔4ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجواناں عثمان ڈار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان جدید ٹیکنالوجی اور انتخابی اصلاحات متعارف کروا کر انتخابی نظام میں شفافیت لانے کیلئے پر عزم ہیں، جو لوگ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی مخالفت کر رہے ہیں وہ انتخابی عمل میں دھاندلی کو فروغ دینا چاہتے ہیں، اپوزیشن الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ایشو پر صرف سیاست کھیل رہی ہے۔
ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کی تمام تر توجہ موثر، ذمہ دار اور بدعنوانی سے پاک گورننس پر مرکوز ہے، موجودہ حکومت ملک میں نیا سیاسی کلچر لانا چاہتی ہے تاکہ انتخابی طریقہ کار کو مکمل طور پر آزادانہ اور شفاف بنایا جا سکے۔
عثمان ڈار نے کہا کہ ملک میں اگلے عام انتخابات سے قبل انتخابی اصلاحات کے نفاذ کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی اور حکومت الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ایشو پر تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ اتفاق رائے پیدا کرنے کیلئے بھرپور کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ملک میں سابقہ ادوار میں بدعنوان عناصر نے لوٹ کھسوٹ کے کلچر کو فروغ دیا اور ان کو پکڑنے کیلئے کوئی مناسب نظام موجود نہیں ہے۔
معاون خصوصی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی زیر قیادت حکومت نیا پاکستان بنا رہی ہے جہاں پر قومی دولت کو لوٹنے والے ملک پر حکمرانی کرنے کی بجائے جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف حکومت احتساب کے ذریعے چوروں اور ڈاکوﺅں سے لوٹی ہوئی قومی دولت کا ایک ایک پائی وصول کرے گی۔
عثمان ڈار نے ملک میں انتخابات کو شفاف بنانے کیلئے انتخابی اصلاحات اور الیکٹرانک ووٹنگ مشین بہترین آپشن ہے، تمام سیاسی جماعتیں اس سلسلے میں حکومت کا ساتھ دیں۔