اسلام آباد ۔ 7 جون (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان اور وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی جانب سے اپنے بھارتی ہم منصبوں کو خطوط بھیجے گئے ہیں جن میں پرامن ہمسائیگی کی پالیسی کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔ انہوں نے بھارت کے اپنے ہم منصبوں کو ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد کے خطوط ارسال کئے ہیں۔ وزارت خارجہ کے حکام نے جمعہ کو ”اے پی پی“ کو بتایا کہ یہ خطوط بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر خارجہ سبرا منیم جے شنکر کو رواں ہفتہ کے آغاز میں لکھے گئے جو روایتی سفارتی اور بین الممالک روایات کی روشنی میں لکھے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ان خطوط میں پاکستان نے جنوبی ایشیاءمیں دیرپا امن و استحکام کیلئے کام کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام حل طلب مسائل کو پرامن طریقہ سے حل کرنے کی ضرورت ہے جن میں مسئلہ کشمیر بھی شامل ہے۔