اسلام آباد۔21فروری (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان رشین فیڈریشن کے صدر ولادی میر پیوتن کی دعوت پر بدھ کو 2روزہ سرکاری دورہ پر روس روانہ ہوں گے۔ وزیراعظم کے ہمراہ کابینہ کے ارکان سمیت اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہو گا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان روس کے صدر ولادی میر پوتن سے ملاقات کریں گے۔ پاکستان اور روس کے درمیان دوستانہ تعلقات قائم ہیں جو باہمی احترام، اعتماد اور بین الاقوامی اور علاقائی مسائل پر یکساں نظریات کی بنیادوں پر استوار ہیں۔
دونوں ملکوں کی قیادت کے مابین ملاقات کے دوران توانائی کے شعبہ میں تعاون سمیت دوطرفہ تعلقات کی تمام پہلوئوں کا جائزہ لیا جائے گا۔ دونوں رہنما اسلامو فوبیا اور افغانستان کی صورتحال سمیت اہم علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر بھی وسیع پیمانے پر تبادلہ خیال کریں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان کا دورہ پاکستان اور روس کے کثیرالجہتی دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا۔