وزیراعظم عمران خان بشکیک میں چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات

89

اسلام آباد ۔ 14جون (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان جمعہ کو بشکیک میں چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی، اس موقع پر دونوں ممالک نے ہر طرح کے حالات میں مشترکہ حکمت عملی کے تحت دو طرفہ تعاون اور شراکت داری کی توثیق کی۔ یہ ملاقات کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے رکن ممالک کے سربراہان کی کونسل کے اجلاس کے موقع پر ہوئی۔ وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق یہ ملاقات انتہائی گرم جوش ماحول میں ہوئی اور دونوں رہنماﺅں نے باہمی تعلقات کے تناظر میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ملاقات کے دوران پاک چین طویل اور مستحکم برادرانہ تعلقات کے فروغ کے ساتھ ساتھ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ (سی پیک) پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سی پیک ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ چین کے صدر نے دہشت گردی کے خاتمہ اورخطے کے استحکام کے حوالے سے کی جانے والی پاکستانی کوششوں کا اعتراف کیا ۔دونوں رہنماﺅں نے علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور آنے والے وقت میں پاکستان اور چین کی عوام کے بہتر مستقبل کے لئے مشترکہ حکمت عملی کے تحت دوطرفہ تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا۔