وزیراعظم عمران خان بہترین آپشن ہیں جو ملک کو تمام بحرانوں سے نکالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، ،اپوزیشن کی عقل پر پردہ پڑ گیا ہے،اپنی ضد پوری کر کے دیکھ لے،ناکامی اس کا مقدرہے،وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

55

اسلام آباد۔25جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان بہترین آپشن ہیں جو ملک کو مہنگائی سمیت تمام بحرانوں سے نکالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، اپوزیشن ان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔

منگل کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی عقل پر پردہ پڑ گیا ہے، اپنی ضد پوری کر کے دیکھ لیں ناکامی ان کا مقدر ہے، 23 مارچ کو بھی ناکام ہوں گے، 23 مارچ کو سو سے زائد ممالک کے وزرائے خارجہ ہوں گے، فون سروس، سڑکیں اور کیمرے بند کر دیں گے جبکہ آدھی سڑکوں پر فوج ہو گی، اگر اپوزیشن والے 23 مارچ کو آئے تو اپنا سا منہ لے کر واپس لوٹ جائیں گے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ اپوزیشن سے کہا ہے کہ 23 مارچ سے چار دن پہلے یا چار دن بعد میں آ جائیں، ضد میں انہی کا نقصان ہو گا، اپوزیشن کے رویے کو دیکھ کر فیصلے کریں گے، اگر قانون کی خلاف ورزی کی گئی تو قانون کے مطابق عمل درآمد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی تحریک کا ایک ہی ایجنڈا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان اختلافات پیدا کرنا ہے لیکن یہ لوگ اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ عمران خان سڑکوں پر واقعی بڑا خطرناک ہیں، وہ جسمانی، ذہنی اور سیاسی طور پر بڑے فٹ ہیں، باقی سب تھکے ہوئے ہیں اور اپنا وقت گزار چکے ہیں، میں نے اپنی کتاب میں لکھا ہے کہ میری زندگی کے سب سے مشکل دن 126 دھرنے والے تھے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کیلئے مہنگائی بڑا چیلنج ہے تاہم مہنگائی پر قابو پانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اور آنے والے مہینوں میں مہنگائی میں کمی ہو جائے گی۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ ایف بی آر نے ایف آئی اے کی مدد سے کامیابی کے ساتھ بدعنوان عناصر سے کافی ریکوریاں کی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تحریک طالبان پاکستان کے ساتھ مذاکرات ختم ہو گئے ہیں اور ہم ملکی سالمیت کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان آرمی نے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور قوم کے ساتھ مل کر دہشتگردی کے خلاف جنگ میں کامیابی حاصل کی، اپوزیشن جماعتوں اور میڈیا کو دہشتگردی اور انتہاپسندی کو شکست دینے کیلئے ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا چاہیے۔ نواز شریف کو واپس لانے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ برطانیہ کے ساتھ ایکسٹریڈیشن اور ری ایڈمشن کا معاہدہ کرنے جا رہے ہیں۔