وزیراعظم عمران خان سےیونیسیف کی نئی تعینات ہونے والی ایگزیکٹو ڈائریکٹر کیتھرین ایم رسل کی ملاقات، پاکستان میں یونیسیف کے پروگرام اور افغانستان میں انسانی ہمدردی سے متعلق اقدامات کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا

90
وزیراعظم عمران خان سےیونیسیف کی نئی تعینات ہونے والی ایگزیکٹو ڈائریکٹر کیتھرین ایم رسل کی ملاقات، پاکستان میں یونیسیف کے پروگرام اور افغانستان میں انسانی ہمدردی سے متعلق اقدامات کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا

اسلام آباد۔21فروری (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان سے اقوام متحدہ کے انٹرنیشنل چلڈرن ایمرجنسی فنڈ (یونیسیف) کی نئی تعینات ہونے والی ایگزیکٹو ڈائریکٹر کیتھرین ایم رسل نے پیر کو یہاں ملاقات کی اور پاکستان میں یونیسیف کے پروگرام اور افغانستان میں انسانی ہمدردی سے متعلق اقدامات کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم نے حکومت اور یونیسیف کے درمیان تعاون کو سراہا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کے لیے حکومت کے کلیدی اقدامات اور کورونا وبا سے نمٹنے کے لئے پاکستان کے جامع اقدامات پر روشنی ڈالی۔ وزیر اعظم نے انہیں ملک میں بچوں کے حقوق کے فروغ اور تحفظ کے لیے حکومت کے ترجیحی اقدامات سے آگاہ کیا،

جن میں سکول نہ جانے والے بچوں کے داخلوں میں اضافہ، حفاظتی ٹیکوں کے پروگراموں میں وسعت ، بچوں میں غذائی قلت کو دور کرنے اور سرکاری تعلیمی نظام کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے جیسے اقدامات شامل ہیں۔ وزیراعظم نے افغانستان میں انسانی اور معاشی بحران کے خاتمے کے لیے پاکستان کی کوششوں کے بارے میں بھی بتایا۔

انہوں نے اقوام متحدہ اور دیگر متعلقہ فریقین کی امدادی سرگرمیوں میں مدد کے لیے پاکستان کی جانب سے قائم کردہ ’’انسانی ہمدردی کی راہداری‘‘ کا حوالہ دیا۔ یونیسیف کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے اپنے فرائض کی ادائیگی میں حکومت پاکستان کے تعاون کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ شراکت داری کو مضبوط بنانے کے لیے یونیسیف کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے افغانستان میں یونیسیف کے کام میں پاکستان کی طرف سے فراہم کی جانے والی مدد پر بھی وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ یونیسیف پاکستان کا ایک اہم ترقیاتی شراکت دار ہے اور حکومت کے ساتھ بالخصوص خواتین اور بچوں سے متعلق مسائل کے حل کے لئے مل کر کام کر رہا ہے۔