وزیراعظم عمران خان سے افغان ہائی کونسل برائے قومی مفاہمت کے چیئرمین ڈاکٹر عبداﷲ عبداﷲ کا ٹیلی فونک رابطہ

اسلام آباد ۔ 26 اگست (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان سے افغان ہائی کونسل برائے قومی مفاہمت کے چیئرمین ڈاکٹر عبداﷲ عبداﷲ نے ٹیلی فون پر گفتگو کی، وزیراعظم عمران خان نے اس موقع پر پاکستان کے افغانستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ٹیلی فون …

اسلام آباد ۔ 26 اگست (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان سے افغان ہائی کونسل برائے قومی مفاہمت کے چیئرمین ڈاکٹر عبداﷲ عبداﷲ نے ٹیلی فون پر گفتگو کی، وزیراعظم عمران خان نے اس موقع پر پاکستان کے افغانستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ٹیلی فون کال کے دوران وزیراعظم عمران خان نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات جن کی بنیاد مذہب، ثقافت، تاریخ اور دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان قریبی رابطوں پر ہے، کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے ہر شعبہ میں تعلقات بڑھانے کی ضرورت کے عزم اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ان کا طویل عرصہ سے یہ یقین ہے کہ افغانستان تنازعہ کا کوئی فوجی حل نہیں ہے اور اس کا واحد سیاسی حل بات چیت کے ذریعے ممکن ہے۔ افغانستان امن عمل میں پاکستان کے مثبت کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیراعظم نے زور دیا کہ افغان قیادت افغانستان کی خوشحالی، سلامتی اور پائیدار امن کیلئے اس تاریخی موقع سے فائدہ اٹھائے اور اس کے سیاسی حل کیلئے کردار ادا کرے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان انٹرا افغانستان بات چیت کے جلد انعقاد کا خواہشمند ہے۔ وزیراعظم نے ڈاکٹر عبداﷲ عبداﷲ کیلئے ہائی کونسل برائے قومی مفاہمت کے چیئرمین کے طور پر نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ کونسل اپنے مقاصد کے حصول میں کامیابی حاصل کرے گی۔ وزیراعظم نے ڈاکٹر عبداﷲ عبداﷲ کو جلد پاکستان کے دورہ کی دعوت دی تاکہ افغان امن عمل کو آگے بڑھانے اور دونوں ملکوں کے درمیان قریبی دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔