نیویارک ۔ 22 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان سے امریکہ میں مقیم کشمیری نمائندوں کے ایک وفد نے نیویارک میں ملاقات کی اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی تباہ کن صورتحال سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وفد میں ڈاکٹر غلام نبی فائی، ڈاکٹر غلام میر، ڈاکٹر خالد قاضی، امتیاز خان، عبدالرﺅف میر، سردار سرور خان اور دیگر شامل تھے۔ وفد نے بین الاقوامی فورمز پر موثر انداز میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ وفد میں بھارتی مقبوضہ کشمیر میں گرفتار ان کشمیریوں کے قریبی عزیز واقارب بھی شامل تھے جن کے ساتھ تمام رابطے منقطع ہو چکے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ دنیا بھر میں کشمیریوں کے سفیر کی حیثیت سے تمام بین الاقوامی فورمز پر مظلوم کشمیریوں کی آواز بلند کرتے رہیں گے۔