وزیراعظم عمران خان سے ایکسپورٹرز، ٹیکسٹائل مینو فیکچررز اور بزنس کمیونٹی کے اہم رہنماؤں کی ملاقات، برآمدات کو 13ارب سے بڑھا کر 21ارب ڈالر تک لے جانے کی یقین دہانی

183

فیصل آباد ۔18نومبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان سے ایکسپورٹرز، ٹیکسٹائل مینو فیکچررز اور بزنس کمیونٹی کے اہم رہنماؤں نے مقامی ہوٹل میں ملاقات کی جس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران صنعتی وکاروباری برادری کے نمائندوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات کی بدولت ویلیو ایڈڈ ایکسپورٹ بڑھ رہی ہے جبکہ توانائی پیکیج، بروقت ریفنڈز اور دیگر سہولیات کی بدولت برآمد کنندگان اور کاروباری برادری کے بیشتر مسائل حل ہوئے ہیں۔ ایکسپورٹرز نے وزیراعظم کو بتایاکہ کورونا وائرس کی وبا کے دوران بھی حکومتی مربوط اقدامات سے نہ صرف لوگوں کے روزگار کو تحفظ ملا بلکہ ان اقدامات سے روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوئے۔ انہوں نے حکومتی اقدامات کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ برامدات کو 13ارب ڈالر سے بڑھا کر آئندہ سال 21ارب ڈالر تک لے جائیں گے۔ انہوں نے برآمدات اور کاروبار میں بہتری کیلئے مختلف تجاویز بھی دیں۔اس موقع پرگورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، صوبائی وزیر صنعت پنجاب میاں اسلم اقبال،پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد احمد،پاکستان ہوزری مینو فیکچررز ایسوسی ایشن کے قائد خواجہ امجد،صداقت لمیٹڈ کے سی ای او خرم مختار،ڈائریکٹر شعیب مختار،ستارہ انرجی کے سی ای او میاں جاوید اقبال،میاں محمد لطیف،صدرفیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری انجینئرحافظ احتشام جاوید،سینئر نائب صد چوہدری طلعت محمود،نائب صدر ایوب اسلم منج،سابق صدر چیمبر آف کامرس رانا محمد سکندر اعظم،سابق صدرایف سی سی آئی شبیر چاولہ،قیصر شمس گچھا اور دیگر ایکسپورٹرز و صنعتکار بھی موجود تھے۔ملاقات کے دورا ن ایکسپورٹرز، ٹیکسٹائل مینو فیکچررز اور بزنس کمیونٹی کے رہنماؤں نے وزیر اعظم سے سیالکوٹ کی طرز پر نئے انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تعمیر، موجودہ فیصل آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی اپ گریڈیشن، الائیڈ ہسپتال کو اپ گریڈ کرنے اورجدید ترین سہولیات سے آراستہ نئے سوشل سکیورٹی ہسپتال کی تعمیر سمیت دیگر مطالبات بھی کئے جسے وزیر اعظم نے جلد پورا کرنے کیلئے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔اس موقع پر صنعتوں کی ورکنگ میں بہتری اور پیداوار میں اضافہ سمیت صنعتوں کوبلا تعطل بجلی کی فراہمی کیلئے ون ونڈو آپریشن شروع کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا