وزیراعظم عمران خان سے ترکی کے مذہبی امور کی پریذیڈنسی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر علی ایرباس کی ملاقات

76
وزیراعظم عمران خان سے ترکی کے مذہبی امور کی پریذیڈنسی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر علی ایرباس کی ملاقات

اسلام آباد۔21فروری (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان سے ترکی کے مذہبی امور کی پریذیڈنسی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر علی ایرباس نے پیر کو یہاں ملاقات کی۔ وزیراعظم نے ملاقات میں ترکی میں منظم ادارہ جاتی تعلیمی نظام کے شعبہ میں بہترین اقدامات اور معلومات کے تبادلے کے لئے دوطرفہ تعاون کی ضرورت پر زور دیا ۔

وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان شاندار دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا جو مذہبی، ثقافتی، لسانی اور تعلیمی روابط، عوام سے عوام کے رابطوں اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں۔

وزیراعظم نے منظم اور ادارہ جاتی مذہبی تعلیمی نظام کے ترک ماڈل کو سراہا اور اس شعبے میں بہترین طریقوں اور معلومات کے تبادلے کے لیے دوطرفہ تعاون پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر ایرباس کے دورے سے دونوں ممالک کے مذہبی اداروں کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔

وزیراعظم نے جموں و کشمیر کے تنازع پر ترکی کی پاکستان کی مستقل حمایت پر ترک حکومت اور قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے مشترکہ اقدام پر پاکستان کے ساتھ ترکی کے قریبی تعاون کو بھی سراہا۔

پروفیسر ڈاکٹر ایرباس نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے مسئلہ پر ترکی کے اصولی موقف کا اعادہ کیا۔ انہوں نے پاکستان کی جانب سے رحمۃ للعالمین اتھارٹی کے قیام کو سراہتے ہوئے اس سلسلے میں ترکی کے تعاون کی پیشکش کی۔ انہوں نے وزیراعظم کو ترک قیادت کی جانب سے خیرسگالی کا پیغام پہنچایا اور پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کی ترکی کی خواہش کا اعادہ کیا