لاہور ۔ 7 اگست (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان سے فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی نے جمعہ کو ملاقات کی۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز، مشیر مرزا شہزاد اکبر اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار بھی ملاقات میں موجود تھے۔ وزیراعظم سے ملاقات کرنے والے ارکان قومی اسمبلی میں چوہدری محمد عاصم نذیر، نواب شیر وسیر، رضا نصراﷲ گھمن، خرم شہزاد، فرخ حبیب، فیض اﷲ اور راجہ ریاض احمد شامل تھے۔ ارکان قومی اسمبلی نے وزیراعظم کو اپنے متعلقہ حلقوں میں ترقیاتی اور فلاحی منصوبوں کے حوالہ سے آگاہ کیا۔ انہوں نے وزیراعظم کو کورونا وائرس کی وبا کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے اس وبا پر قابو پانے کے لئے حکومتی حکمت عملی پر خراج تحسین پیش کیا۔ ارکان نے کورونا وائرس کی وبا کے دوران مو¿ثر کارکردگی پر فیصل آباد انتظامیہ کی بھی تعریف کی۔ وفد نے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے اور خصوصاً بھارت کی جانب سے جابرانہ و یکطرفہ اقدام، غیر انسانی محاصرے، بنیادی انسانی حقوق کی پامالی کی صورتحال کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے حوالہ سے وزیرِاعظم عمران خان کی کاوشوں کو بھر پور خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد معاشی لحاظ سے بہت اہم حیثیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صنعتی شعبہ کی ترقی پر بھرپور توجہ دے رہی ہے، مراعات سے کاروباری طبقہ کو سہولت اور تعمیرات کا شعبہ ترقی کرے گا۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانی درجے کے کاروبار کے فروغ کے لئے بھی اقدامات کر رہے ہیں، صنعتی شعبہ اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لئے وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی۔