وزیراعظم عمران خان سے ملائیشیا کے وزیر خارجہ داتو سری سیف الدین عبداللہ کی ملاقات

108
وزیراعظم عمران خان سے ملائیشیا کے وزیر خارجہ داتو سری سیف الدین عبداللہ کی ملاقات

اسلام آباد۔19دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان سے ملائیشیا کے وزیر خارجہ داتو سری سیف الدین عبداللہ نے ملاقات کی۔

اتوار کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اسلامی تعاون تنظیم کی وزرا خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس میں شرکت پر ملائیشیا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسلامی تعاون تنظیم میں اس کے مؤثر کردار اور افغانستان میں انسانی بنیادوں پر امداد اور امن سازی کیلئے کوششوں کو سراہا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان علاقائی و عالمی سطح پر تعاون اور باہمی احترام پر مبنی مضبوط تاریخی تعلقات ہیں، پاکستان معاشی تعاون میں اضافہ ، سیاحت، دفاع اور عوامی سطح پر رابطوں کےتناظر میں تعاون کو مستحکم بنانے کے ذریعے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہے۔

ملائیشیا کے وزیر خارجہ داتو سری سیف الدین عبداللہ نے افغانستان سے متعلق اسلامی تعاون تنظیم کا غیر معمولی اجلاس بلانے کو افغانستان کے عوام کو انسانی بحران سے بچانے کیلئے بروقت اقدام قرار دیتے ہوئے سراہا۔

انہوں نے افغانستان میں امن و استحکام کے فروغ کیلئے پاکستان کے تعمیری کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے پاکستان آمد پر اپنے شاندار استقبال اور میزبانی پر وزیراعظم عمران خان اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا۔