وزیراعظم عمران خان سے واشنگٹن میں ورلڈ بینک کے صدر ڈیوڈ ملپاس کی ملاقات

60

واشنگٹن ۔ 22 جولائی (اے پی پی)وزیراعظم عمران خان سے اتوار کو واشنگٹن میں ورلڈ بینک کے صدر ڈیوڈ ملپاس نے پاکستانی سفارتخانے میں ملاقات کی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق داﺅد، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور پاکستانی سفیر اسد مجید نے وزیراعظم کی معاونت کی۔ وزیراعظم نے ورلڈ بینک کے صدر کی اہم ذمہ داری سنبھالنے پر ڈیوڈ ملپاس کو مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے کئی برسوں سے پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں میں ورلڈ بینک کے بھرپور تعاون کو سراہا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کی حکومت کا محور عوام ہیں اور ترقیاتی ایجنڈے میں صحت، تعلیم اور پاکستان کے نوجوانوں پر سرمایہ کاری میں اضافے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ کاروبار کو آسان بنانے کے عمل میں بہتری سمیت حکومت کی اصلاحاتی ترجیحات پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیراعظم نے ورلڈ بینک کے تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ورلڈ بینک زیر تعمیر منصوبوں پر بھی پیش قدمی کرے گا اور یقین دلایا کہ ان کی حکومت اس سلسلے میں ورلڈ بینک سے بھرپور تعاون کرے گا۔