اسلام آباد ۔ 26 اگست (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان سے وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے ملاقات کی اور جیلوں میں قید خواتین کی صورتحال اور ان کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے سفارشات پر مبنی رپورٹ پیش کی۔ وزارت انسانی حقوق کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ڈاکٹر شیریں مزاری نے وزیرِاعظم عمران خان کی ہدایت پر جیلوں میں قید خواتین کی …
وزیراعظم عمران خان سے وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری کی ملاقات
اسلام آباد ۔ 26 اگست (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان سے وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے ملاقات کی اور جیلوں میں قید خواتین کی صورتحال اور ان کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے سفارشات پر مبنی رپورٹ پیش کی۔ وزارت انسانی حقوق کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ڈاکٹر شیریں مزاری نے وزیرِاعظم عمران خان کی ہدایت پر جیلوں میں قید خواتین کی صورتحال اور ان کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے سفارشات پر مبنی رپورٹ انہیں پیش کی۔ یاد رہے کہ وزیرِاعظم نے مئی کے آخر میں جیلوں میں قید خواتین کی حالت ِ زار کا جائزہ لینے کے لئے وزیر برائے انسانی حقوق کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کی تھی اور چار ماہ میں سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔ رپورٹ میں جیلوں میں قید خواتین کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے متعدد سفارشات پیش کی گئی ہیں۔ وزیر برائے انسانی حقوق نے وزارت کی دو سالہ کارکردگی رپورٹ بھی وزیرِاعظم کو پیش کی اور انہوں نے وزیرِاعظم کو بتایا کہ بچوں کے تحفظ کے حوالے سے وفاقی دارالحکومت میں چائلڈ پروٹیکشن سنٹر قائم کیا جا رہا ہے جن میں بے سہارا اور لاوارث بچوں کو نہ صرف تحفظ بلکہ تعلیم، نفسیاتی معاونت و دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ وزیرِاعظم کو بتایا گیا کہ بچوں سے متعلقہ مخصوص عدالتوں کے قیام پر بھی کام جاری ہے۔ انہوں نے وزیراعظم عمران خان کو بے سہارا اور مصیبت زدہ خواتین کو پناہ اور تحفظ فراہم کرنے کے حوالے سے قائم شدہ ویمن شیلٹرز اور ٹرانس جینڈرز کے حقوق کے تحفظ کے لئے کئے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر وزیرِ اعظم نے جیلوں میں قید خواتین کے حوالے سے مقررہ وقت سے پہلے جامع رپورٹ تشکیل دینے اور انسانی حقوق کے تحفظ کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کو سراہا۔ وزیرِاعظم عمران خان نے کہا کہ مہذب معاشروں کی پہچان انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے سے کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کا تحفظ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔









