وزیراعظم عمران خان سے پاک امریکہ بزنس کونسل کے وفد کی ملاقات

105

واشنگٹن ۔ 22 جولائی (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان سے پاک امریکہ بزنس کونسل کے وفد نے ایگزیکٹونائب صدر مائیرون بریلینٹ اور امریکی چیمبر آف کامرس کے بین الاقوامی امور کے سربراہ نے پیر کو یہاں واشنگٹن ڈی سی میں پاکستانی سفارتخانہ میں ملاقات کی۔ وفد میں پاک امریکہ بزنس کونسل کے وائس چیئرمین ضیاءچشتی‘ پاک امریکہ بزنس کونسل کی صدر اسپیر انزا جیلالین اور امریکہ کی معروف کپمنیوں پروکٹر اینڈ گیمبل‘ بیئر‘ فیس بک‘ گوگل‘ کیرگل اور دیگر کے سینئر ایگزیکٹوز بھی شامل تھے۔ وفد کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے پاکستانی معیشت کیلئے پاک امریکہ بزنس کونسل کی معاونت کو سراہا۔ وزیراعظم نے وفد کو ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کونسل کی رکن کمپنیاں پاکستان میں کاروبار کو وسعت دیکر فوائد حاصل کر سکتی ہیں۔ مائیرون بریلینٹ اور دیگر ایگزیکٹوز نے پاکستانی معیشت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا اور انہوں نے معیشت میں بہتری کیلئے حکومت کو مدد کی پیشکش کی۔