وزیراعظم عمران خان سے چین کے بڑے بزنس گروپوں کے سربراہوں کی ملاقات

69
APP77-03 BEIJING: November 03 – President China Gezhouba Group, Mr. Lyu Zexiang calls on Prime Minister Imran Khan. APP

بیجنگ ۔ 03 نومبر (اے پی پی)وزیراعظم عمران خان سے چین کے بڑے بزنس گروپوں کے سربراہوں نے ہفتہ کو بیجنگ میں ملاقات کی۔ملاقات کرنے والوں میں چیئرمین چائنہ ریلویز کنسٹرکشنکارپوریشن (سی آر سی سی) چن پن جیان ،چیئرمین بنک آف چائنہ گروپ (بی او سی جی) چن شی سنک یانگ ،چیئرمین پاور چائنہ یانگ ژو یانگ ،چیئرمین چائنہ رینبو انٹرنیشنل انویسٹمنٹ دا کین لائیک ،صدر ہوواوے مڈل ایسٹ ریجن چارلس یانگ اورصدرچائنہ گیزوبا لیوشیانگ شامل تھے،اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ،وزیر خزانہ اسد عمر ،وزیر ریلوے شیخ رشید احمد ،وزیراعظم کے مشیر عبدالرزاق داﺅد ،وزیر پلاننگ مخدوم خسروبختیار ،وزیر برائے میری ٹائم علی زیدی اور وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان،سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ، سفیر مسعود خالد اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔کاروباری شخصیات نے وزیراعظم کو انتخابات میں کامیابی اور وزیراعظم بننے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں پاکستان ترقی کے نئے دور میں داخل ہو گا۔انہوں نے پاکستان میں پن بجلی ،قابل تجدید توانائی ،تعمیرات ، بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں تعاون کے فروغ ،انفارمیشن و کمیونیکشن ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں بالخصوص سی پیک میں شامل منصوبوں میں چینی کمپنیوں کے ساتھ تعاون پر تشکر کا اظہار کیا۔انہوں نے پاکستان کے سماجی اقتصادی شعبوں میں مزید سرمایہ کاری کی خواہش ظاہر کی ۔وزیراعظم عمران خان نے پاکستان میں چینی کمپنیوں کے تجارتی منصوبوں بالخصوص سی پیک میں شامل منصوبوں کو سراہا اور چین کی کاروباری شخصیات کو معاشی و معاشرتی اصلاحات کے ایجنڈے سے بھی آگاہ کیا۔