وزیراعظم عمران خان شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت کے 19ویں اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے

89

اسلام آباد ۔ 12 جون (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت کے 19ویں اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کیلئے بشکیک جائیں گے۔ یہ اجلاس 13 اور 14 جون منعقد ہو رہا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کرغزستان کے صدر جین بیکوف سورنوبے کی دعوت اجلاس میں شرکت کریں گے۔ یہ اجلاس کرغزستان کے صدر کی صدارت میں (آج) جمعرات کو شروع ہو گا۔ ایس سی او رکن اور مبصر ملکوں کے رہنماﺅں کے ساتھ ساتھ اہم بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندے بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ وزیراعظم اجلاس کے دو سیشنز میں شرکت کریں گے۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے رہنما مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے معاہدوں پر دستخط کرنے کے علاوہ کئی فیصلوں کی منظوری دیں گے۔ اس موقع پر وزیراعظم کانفرنس میں شرکت کرنے والے دیگر رہنماﺅں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت کی کونسل اعلی ترین فورم ہے جس میں تنظیم کی حکمت عملی، پس منظر اور ترجیحات پر غور اور تعین کیا جاتا ہے۔