وزیراعظم عمران خان عام لوگوں کی ترقی اور ان کے حالات زندگی بدلنے کے ایجنڈے پر کام کررہے ہیں پارلیمانی سیکرٹری کنول شوذب کی اے پی پی سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 9 مارچ (اے پی پی) پارلیمانی سیکرٹری برائے منصوبہ بندی، ترقی، اصلاحات وخصوصی اقدامات کنول شوذب نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ملک کو معاشی استحکام فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ عام لوگوں کی ترقی اور ان کے حالات زندگی بدلنے کے ایجنڈے پر کام کررہے ہیں، وہ سی پیک کے منصوبوں کی تکمیل سے لے کر لائیو سٹاک کے ذریعے عام لوگوں کی معاشی حالت بہتر بنانے کیلئے پر عزم ہیں۔ ان خیا لا ت کا اظہار انہوںنے پیر کو اے پی پی سے خصوصی گفتگوکرتے ہوئے کیا ۔ انہوںنے کہاکہ سی پیک کے منصوبوں میں فیز I تقریباً مکمل ہو چکا ہے یا اس کے منصوبے مکمل ہونے کے قریب ہیں جب کہ فیز ٹو پر کام جاری ہے ، ہم نے سی پیک کو محض چین اور دیگر ممالک کے ساتھ تجارت تک محدود کرنے کی بجائے دیگر تقریباً پانچ سو شعبوں تک بڑھا دیا ہے ،جس کے نتائج پوری قوم اگلے پانچ برسوں میں دیکھے گی ۔ انہوںنے کہاکہ تعلیم سے لے کر توانائی کے حصول تک ہر شعبہ ہماری ترجیح ہے اور اس پر وسیع پیمانے سے سرمایہ کاری کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا میں دودھ پیدا کرنا والا چوتھا بڑا ملک ہے لیکن بدقسمتی سے ہم دودھ سے بننے والا پنیر بیرون ملک سے درآمد کرتے ہیں ہماری برآمدات میں لائیو سٹاک کا حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے جبکہ پاکستان جو کہ زرعی ملک ہے اس کی زراعت میں لائیو سٹاک کا حصہ 56 فیصد ہے۔