وزیراعظم عمران خان قومی ہی نہیں عالمی سطح پر لیڈر بن کر ابھر رہے ہیں،عثمان بزدار

48

لاہور۔2اکتوبر (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سے ہفتہ کے روزارکان پنجاب اسمبلی نے ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں عمومی سیاسی صورتحال اور عوامی مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ارکان اسمبلی نے وزیراعلی عثمان بزدار کو ترقیاتی امور پر سفارشات او رتجاویز پیش کیں۔

وزیراعلی عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی کامیابیوں نے اپوزیشن کی نیندیں اڑا دیں۔ وزیراعظم عمران خان قومی ہی نہیں عالمی سطح پر لیڈر بن کر ابھر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن کرنے والوں کی سیاست قصہ پارینہ بن چکی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کا کلچر متعارف کرایا۔ مسائل کے حل کے لئے عمران خان ہی قوم کی واحد امید ہیں۔ عمران خان کی قیادت میں صوبے بھر میں ترقی کا انقلاب لائیں گے۔

وزیراعلی عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب کے ہر شہر اور ہر علاقے میں جاں گا اور عوام کی خدمت کروں گا۔ بڑے اور چھوٹے شہروں میں بتدریج فراہمی و نکاسی آب کے منصوبے مکمل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں خواتین ارکان اسمبلی کی رائے بھی اہمیت دی جاتی ہے۔

غضنفر عباس،عامر عنایت شہانی، علی اختر، عادل پرویز، عمر فاروق، شکیل شاہد،وارث عزیز،ملک ندیم عباس، سرفراز حسین، سلیم اختر، قاسم عباس خان، علی رضا خان، رضا حسین بخاری، میاں علمبردار قریشی، شہاب الدین خان،فردوس رعنا اورعابدہ بی بی ملاقات کرنے والوں میں شامل تھے۔