راولپنڈی۔24دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے کہاہے کہ وزیراعظم عمران خان ملک کو درست سمت لے کر جا رہے ہیں ، پاکستانی معیشت مزید مستحکم ہوگی ، مہنگائی پر قابو پائیں گے ، عوام کا معیار زندگی بلند کرنا حکومت کا مطمع نظر ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو سنگجانی تا پسوال 10 کلو میٹر روڈ کے افتتاح کے موقع پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان، ایم این اے منصور حیات خان اور ایم پی اے عمار صدیق خان نے بھی خطاب کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ رنگ روڈ منصوبے کا سنگ بنیاد اسی علاقے میں ہی رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس علاقے کی عوام کا ہم پر ااعتماد ہے کہ اس علاقے کا شمار پسماندہ ترین علاقوں میں ہوتا تھا آج ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ پاکستان کا سب سے بڑا ائیر پورٹ، سی پیک اور موٹر وے اس علاقے کے ساتھ ملحق ہیں۔
وفاقی وزیر نے خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے نتائج کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہو رہا ہے کہ ایک لیڈر (وزیر اعظم عمران خان) اپنی ہار تسلیم کر کے غلطیوں اور کوتاہیوں سے سبق سیکھ کر انہیں درست کرنے کی کوشش کرتا ہے.
وفاقی وزیر نے کہا کہ آئندہ سال یہاں ایک کالج کی منظوری بھی کرواں گا یہاں کے لوگوں سے حلقے کا نہیں دل کا رشتہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات یک جان ہو کر لڑنا ہے اور امیدواروں کا انتخاب اہل علاقہ سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔واضح رہے کہ سنگجانی تا پسوال 10 کلو میٹر روڈ کی بحالی و تعمیر پر 7 کروڑ روپے کی مالیت کا تخمینہ لگایا گیا ہے جسے 12 ماہ کی مدت میں مکمل کیا جائے گا۔
بعدازاں وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے حلقے کا دورہ کیا اور عوامی مسائل سن کر ان کے فوری حل کے احکامات بھی جاری کیے ۔وفاقی وزیر غلام سرور خان نے دورے کے موقع پر کہاکہ میرے حلقے کے عوام کی ترقی اور خوشحالی میری اولین ترجیح ہے اور ا س مقصد کے لیے میری پوری ٹیم ہمہ وقت مصروف عمل ہے ۔ اس موقع پر انہوں نے مسیحی برادری کوکرسمس کی مبارکباد دی اور کہاکہ مسیحی بھائی وطن عزیز کی ترقی کے لیے بھرپور کردار ادا کررہے ہیں ۔