اسلام آباد۔30مارچ (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب و داخلہ بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے تہیہ کر رکھا ہے کہ سٹہ مافیا ہو یا شوگر مافیا کسی کو نہیں چھوڑا جائے گا، سٹہ مافیا کا رمضان المبارک کے مہینے میں چینی کی قیمت 110 روپے سے بھی زائد کرنے کا پلان تھا، ایف آئی اے نے سٹہ مافیا کے خلاف کریک ڈائون کا آغاز کر دیا ہے، گھنائونی سرگرمیوں میں ملوث ایسے عناصر کے نیٹ ورک کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور مافیا کو ملک کے کسی بھی حصے میں کام کرنے کا موقع نہیں دیا جائے گا، آئندہ شوگر کین کمشنر براہ راست چینی اٹھا سکیں گے جس سے چینی کی قیمت کم رہے گی، سبسڈیز سے متعلق تمام انکوائریاں نیب کے حوالے کر دی ہیں جو تحقیقات کر رہا ہے۔
منگل کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شوگر بحران پر وزیراعظم عمران خان نے انکوائری کمیشن تشکیل دیا تھا، رپورٹ میں ہوشربا انکشافات ہوئے تھے، رپورٹ کے بعد ایف آئی اے نے سٹہ مافیا کے خلاف کریک ڈائون کر کے سٹے مافیا کا واٹس ایپ گروپ پکڑا جس میں دیکھا گیا کہ سٹہ مافیا نے رمضان میں چینی کی قیمت 110 روپے سے بھی زائد کرنے کا پلان بنایا ہوا تھا۔
بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا کہ چینی کی قیمتوں سے متعلق تھرڈ پارٹی راستے کو روکنے کا اقدام اٹھائیں گے، چینی کی ایکس مل قیمتوں سے متعلق آج صوبوں کو ہدایت دی گئی ہے، ایکس مل قیمت اسلئے مقرر کر رہے ہیں کیونکہ سبسڈی دی جاتی ہے،آئندہ شوگر کین کمشنر براہ راست چینی اٹھا سکیں گے، اس سے چینی کی قیمت کم رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ شوگر ملز کو دس سے پندرہ فیصد فائدہ دیا گیا یہ بھی زیادہ ہے، اس کو بھی کم کیا جائے گا۔
مشیر احتساب نے کہا کہ رواں سال شوگر کی مد میں جو ٹیکس جمع کئے گئے وہ 100 فیصد سے زائد ہیں، شوگر انکوائری کمیشن سے متعلق رپورٹ نیب کو بھیج دی گئی ہے، نیب انکوائری کریگا اور وہ جسے چاہے بلا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک کسی رپورٹ کا فرانزک آڈٹ نہیں ہو گا حتمی نتیجہ سامنے نہیں آئے گا، فرانزک آڈٹ کی بات ہو تو کمپنیوں کو اعتراض نہیں ہونا چاہیے، فرانزک آڈٹ اس شعبے کے ماہرین انکوائری کرتے ہیں، اطلاع ہے کہ کابینہ کمیٹی برائے توانائی نے بھی فرانزک آڈٹ کی تجویز دی۔
پی ڈی ایم کی سیاست سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی قیادت دو سیاسی بچوں کو دی گئی تھی، جنہیں معلوم ہی نہیں تھا کیا کرنا ہے لیکن آصف علی زرداری نے کامیابی کے ساتھ سیاسی کارڈ کھیلا ہے، انہوں نے ن لیگ کے رہنمائوں کو ذاتی مفادات کیلئے استعمال کیا اور مریم نواز سے پنجاب میں پیپلزپارٹی زندہ باد کے نعرے لگوا دیئے۔