اسلام آباد۔19مئی (اے پی پی):وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کی تحقیقات کیلئے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنا کر مثال قائم کی، انہوں نے اربوں روپے ضائع ہونے سے بچائے، ن لیگ رنگ روڈ منصوبے پر وہ کام کر رہی ہے کہ میچ کھیلے بغیر ہی ٹرافی کلیم کر رہی ہے، یہ منصوبہ جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد کے شہریوں کیلئے بہت اہم ہے اور ضرور بنے گا، وزیراعظم عمران خان ملک میں آئین و قانون کی بالادستی کی جنگ لڑ رہے ہیں، جن لوگوں نے تحریک انصاف کو ووٹ دیا ہے وہ جانتے ہیں کہ کچھ بھی ہو جائے وزیراعظم عمران خان کسی قیمت پر اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
بدھ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان واحد لیڈر ہیں جنہوں نے بیرون ملک کمائی کی اور اپنے فلیٹس بیچ کر بینکنگ چینلز کے ذریعے پاکستان میں پیسہ لیکر آئے، انہوں نے عدالت کے سامنے اپنی 40 سالہ آمدن کا حساب دیا اور 60 دستاویزات جمع کرائیں جبکہ شریف خاندان آج تک اپنی آمدنی کے ذرائع کے حوالے سے عدالتوں کے سامنے سوائے قطری خط اور جعلی ٹرسٹ ڈیڈ کے ایک بھی دستاویز پیش نہیں کر سکا۔
فرخ حبیب نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کیلئے کرپشن اور احتساب کبھی ایشو ہی نہیں تھا، یہ لوگ تو چاہتے ہیں کہ ملک سے احتساب کے نظام کو ہی ختم کر دیا جائے لیکن وزیراعظم عمران خان اپنے اصولوں پر قائم ہیں اور وہ کسی صورت میں بدعنوان عناصر کے خلاف احتساب کے معاملے پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے بدعنوان قائدین کو پہلی مرتبہ حقیقی معنوں میں احتساب کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اسلئے ان کی چیخیں نکل رہی ہیں۔
وزیر مملکت نے کہا کہ تحریک انصاف پہلی حکومت ہے جس نے رنگ روڈ منصوبے کے حوالے سے کیس خود نیب کو بھیجا ہے، ن لیگ کوئی ایک کیس بتا دے جو انہوں نے اپنے دور حکومتوں کے دوران نیب کو بھیجا ہو، ان کے ادوار میں ریکارڈ ہی جلا دیئے جاتے تھے، یہ لوگ آج ہمیں بھاشن دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر غلام سرور خان اور سید ذوالفقار علی بخاری کا رنگ روڈ منصوبے کے معاملے سے کوئی تعلق نہیں، اس کے باوجود دونوں رہنمائوں نے کہا ہے کہ وہ انکوائری میں پیش ہوں گے۔ فرخ حبیب نے کہا کہ ن لیگ ہمیشہ قبضہ مافیا کی سرپرستی کرتی آئی ہے، قبضہ مافیا کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے اور اب تک اربوں روپے کی ہزاروں ایکڑ سرکاری زمینیں واگزار کرائی جا چکی ہیں۔