اسلام آباد۔15مئی (اے پی پی):وزیر مملکت برائے ماحولیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے رنگ روڈ میں شکایات پر بذات خود نوٹس لے کر فوری کارروائی کی، کرپشن سے لیس ن لیگ نے اپنے دور میں ایسی کوئی مثال قائم نہ کی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم اورنگزیب کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مثال ہے کہ کسی منصوبے میں اتنی بروقت کارروائی اعلیٰ ترین سطح پر ہوئی، رنگ روڈ کو اپنے گھر کے راستے کے لئے بنوانے والے شریف برادرز وزیراعظم عمران خان کی شفافیت سے خوفزدہ ہوگئے ہیں۔
زرتاج گل نے کہا کہ (ن) لیگ کے ترجمانوں کو سمجھ نہیں آرہی کہ وزیر اعظم عمران خان کے احتساب کے غیر جانبدارانہ رویے پر کیا تنقید کریں؟ (ن) لیگ پہلے سوچ لے کہ اس نے کہنا کیا ہے، پوری پارٹی بڑے میاں اور چھوٹے میاں کے بیانیوں میں دھکے کھا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرپشن سے لیس ن لیگ نے اپنے دور میں ایسی کوئی مثال قائم نہ کی، اپوزیشن کا مقصد صرف قوم کو مایوس کرنا اور ان کا حوصلہ توڑنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم انہیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے جنہوں نے پاکستان کو ناکام کیا۔ ملکی نظام اور معیشت کی بنیادیں ہلائیں اور عوام کو ان کے حقوق سے محروم کیا۔