وزیراعظم عمران خان نے ملکی معیشت کو درست سمت پر ڈال دیا ہے، معاشی ترقی نے اپوزیشن کی نیندیں حرام کر دی ہیں،انتشار کی شکار اپوزیشن کی سیاسی دکانداری بندہوچکی ہے، وزیرمملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کی گفتگو

لاہور۔4جون (اے پی پی):وفاقی وزیرمملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے ملکی معیشت کو درست سمت پر ڈال دیا ہے، پی ٹی آئی حکومت کی معاشی میدان میں کامیابیوں سے کرپٹ اپوزیشن بوکھلاہٹ کا شکا ر ہوچکی ہے، معاشی ترقی کی چار فیصد شرح میں اضافے نے اپوزیشن کی نیندیں حرام کر دی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیکرٹری اطلاعات نشتر ٹاؤن چوہدری محسن مزمل کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی منفی سیاست ہمیشہ کےلئے دفن ہو چکی ہے، انتشار کی شکار اپوزیشن کی سیاسی دکانداری بندہوچکی ہے،کرپٹ اپوزیشن جھوٹا واویلا کررہی ہے جس سے کرپٹ اپوزیشن کی اصلیت قوم کے سامنے بے نقاب ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کی حکومت عوام کی خدمت کرنے کے مشن پر گامزن ہے، آنے والے بجٹ میں پی ٹی آئی کی حکومت عوام کو بھرپور ریلیف فراہم کرے گی۔