
اسلام آباد ۔ 24 مارچ (اے پی پی)کرونا وائرس کی وباءسے پیداہونے بحران کے مسائل سے نمٹنے کیلئے وزیراعظم عمران خان نے عام شہریوں سمیت متعددشعبوں کیلئے سہولیات پرمبنی امدادی پیکج کی منظوری دیدی ہے، پیکج کے تحت پیٹرول ، ڈیزل اورمٹی کے تیل کی قیمتوں میں 15 روپی فی لیٹر کمی گئی ہے، پیکج میں اجرت پرکام کرنے والے افراد اورمزدوروں کیلئے 200 ارب روپے کی امداد اور صنعتوں اوربرآمدکنندگان کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے 100 ارب روپے کا اعلانات کئے گئے ہیں۔ وزارت خزانہ کے ترجمان نے منگل کو یہاں جاری بیان میں کہاہے کہ ریلیف پیکج کا مقصد ان تمام افراد اورشعبوں کو فوری ریلیف دینا ہے جواس وباءسے متاثرہوئے ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ ریلیف پیکج کے تحت ہومیہ اجرت پرکام کرنے والے افراد اورمزدوروں کیلئے 200 ارب روپے کی امداد اور صنعتوں اوربرآمدکنندگان کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے 100 ارب روپے کا اعلان کیا گیاہے۔اسی طرح انہیں ٹیکس ریفنڈاورسودکی ادائیگی موخرکرنے کی سہولت بھی دی گئی ہے۔پیکج کے تحت زرعی اورچھوٹے ودرمیانہ درجہ کے کاروبار کے فروغ کیلئے 100 ارب روپے کی سہولیات فراہم کی جائیگی۔ان صنعتوں کوقرضوں کی ادائیگی موخرکرنے ، انہیں رعایتی قرضے فراہم کرنے اورقرضوں وزرتلافی کیلئے حکومتی ضمانت فراہم کرنے کی سہولت اس پیکج کا حصہ ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ معاشرے کے کمزورطبقات کوریلیف فراہم کرنے کیلئے پیکج میں 144 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں،اس کے تحت ایک کروڑ20 لاکھ خاندانوں کو 4 ماہ تک امداد دی جائیگی،پناہ گاہوں کی تعداد میں توسیع پر6 ارب روپے خرچ کئے جائیں گے، یوٹیلٹی سٹورکارپوریشن کیلئے پیکج میں 50 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔پیکج کے تحت گندم کی خریداری کیلئے 280 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں ۔عام شہریوںکو ریلیف فراہم کرنے کیلئے حکومت نے پیٹرل، ڈیزل اورمٹی کے تیل کی قیمت میں 15 روہے فی لیٹرکی کمی کا اعلان کیا ہے۔ اس پر آئندہ تین ماہ میں 70 ارب روپے خرچ ہوںگے۔ ترجمان نے بتایا کہ 300 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو بجلی کے بلوں کی موخرادائیگی کی سہولت دی گئی ہے جس پر36 ارب روپے کی لاگت آئیگی اسی طرح دوہزارروپے بل والے صارفین کو آئندہ تین ماہ تک اقساط میں بل ادا کرنے کی سہولت دی گئی ہے۔پیکج کے تحت بحران کے اس دورمیں صحت اور خوراک کی فراہمی کیلئے 15 ارب روپے خرچ ہوں گے، اسی طرح آفات سے نمٹنے کے قومی ادارہ این ڈی ایم اے اور ریزوژول انرجی فنڈ کی مدمیں بالترتیب 25 اور100 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔