
اسلام آباد۔15اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ، محصولات وصنعت وپیداوارمحمدحماداظہرنے کہاہے کہ وزیراعظم عمران خان نے پیٹرول کی فی لیٹرقیمت میں 1.79 روپے اورڈیزل کی قیمت میں 2.32 روپے فی لیٹر کمی کی منظوری دیدی ہے
۔جمعرات کوسماجی رابطہ کی ویب سائیٹ ٹوئٹرپرجاری پیغام میں انہوں نے کہاکہ نئی قیمتوں کااطلاق آج (جمعہ) سے ہوگا۔انہوں نے کہاکہ اسی طرح کیروسین اورلائیٹ ڈیزل کی قیمت میں بھی کمی کردی گئی ہے،
وزیرخزانہ نے بتایا کہ یکم اپریل کو بھی حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 1.55 روپے اورڈیزل کی قیمت میں تین روپے کمی کی تھی اورجمعرات کو پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کا اعلان اسی کاتسلسل ہے۔محمدحماداظہرنے ٹویٹ کے ساتھ وزارت خزانہ کا اعلامیہ بھی جاری کیاہے جس میں کہاگیاہے کہ حکومت نے رمضان المبارک کے موقع پرعوام کوریلیف دینے کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کااعلان کیا ہے۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 1.79 روپے، ہائی سپیڈڈیزل 2.32 روپے، مٹی کاتیل 2.06 اورلائیٹ ڈیزل کی قیمت میں 2.21 روپے فی لیٹرکی کمی کردی گئی ہے۔ قیمتوں میں کمی کے بعد پیٹرول کی نئی فی لیٹرقیمت 108.56 روپے، ہائی سپیڈڈیزل 110.76 روپے، کیروسین آئل 80 روپے اورلائیٹ ڈیزل کی فی لیٹرقیمت 77.65 روپے فی لیٹرہوگئی۔نئی قیمتوں کااطلاق آج جمعہ 16 اپریل سے ہوگا۔