وزیراعظم عمران خان نے یوم استحصال کے موقع پرکشمیریوں سے یکجہتی کے لئے مظفرآباد میں ریلی کی قیادت کی

145

مظفر آباد۔ 5 اگست (اے پی پی)وزیراعظم عمران خان نے یوم استحصال کے موقع پرکشمیریوں سے یکجہتی کے لئے آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد آئے اور ریلی کی قیادت کی۔ ریلی میں صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان، وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان، چیئرمن پارلیمانی کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی، وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر شبلی فراز، وزیر امور کشمیر علی امین گنڈاپور، پارلیمانی سیکرٹری ثوبیہ کمال، آزاد کشمیر کے وزرا، اراکین قانون ساز اسمبلی، حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنمائوں اور عوام کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ اس موقع پر وزیراعظم پاکستان نے بھارتی مظالم کے خلاف سینہ سپر کشمیریوں کے جذبہ حریت کو خراج تحسین پیش کرنے اور شہدا کی یاد میں بنائی گئی مزاحمتی وال کا افتتاح کیا۔ انہیں یہاں پر اس حوالہ سے بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر شہدا کشمیر کے دعا بھی کی گئی۔ قبل ازیں وزیراعظم عمران خان کی مظفرآباد آمد پر ہیلی پیڈ پر وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان اور صدرسردار مسعود خان نے ان کا استقبال کیا۔