
اسلام آباد۔27فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان واحد سیاسی رہنما ہیں جو عوام کو درپیش مسائل کو حل کرنے کی بھرپور صلاحیتیں رکھتے ہیں۔
ہفتہ کو ایک نجی ٹی وی چینل کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف عوام میں انتہائی مقبول سیاسی جماعت ہے، عوام وزیراعظم عمران خان کی دیانتدار اور ولولہ انگیز قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی کے تمام اراکین پارلیمنٹ اور حکومت کی اتحادی سیاسی جماعتیں سینٹ کے آئندہ الیکشن کے دوران حکومتی امیدواروں کے حق میں اپنا ووٹ دیں گی۔
فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی عوام کے تمام مسائل کی ذمہ دار ہیں جنہوں نے اپنی حکومتوں کے دوران بڑے پیمانے پر کرپشن کی ہے اور عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کچھ نہیں کیا، یہی وجہ ہے کہ عوام نے 2018ء کے عام انتخابات میں انہیں مسترد کر دیا تھا۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے درمیان تفریق پیدا ہو چکی ہے کیونکہ مریم نواز اور حمزہ شہباز کے لئے لابنگ شروع ہو گئی ہے۔ انہوں نے حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی پہلے متحدہ قومی موومنٹ کو تنقید کا نشانہ بناتی رہی ہے جبکہ دوسرے دن وہ ان سے اپنے امیدواروں کے لئے ووٹ کی بھیک مانگتی رہی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان ایک آزاد ادارہ ہے جو بغیر کسی سیای مداخلت کے اپنا کام اور فیصلے کر رہا ہے۔