وزیراعظم عمران خان پاکستان کو حقیقی معنوں میں ایک جدید اسلامی فلاحی ریاست بنانا چاہتے ہیں، وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نورالحق قادری

48
وفاقی وزیر مذہبی امور نے اماراتی سفیر کے ہمراہ قائد اعظم یونیورسٹی میں مسجد کا افتتاح کر دیا

اسلام آباد۔5مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نورالحق قادری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان پاکستان کو حقیقی معنوں میں ایک جدید اسلامی فلاحی ریاست بنانا چاہتے ہیں، وہ ہر فورم پر مدینہ کی ریاست اور حضورﷺ کی سیرت طیبہ کا ذکر کرتے ہیں، سینیٹ انتخابات میں قوم کے ساتھ مذاق کیا گیا ہے اور وزیراعظم عمران خان کا اس پر ردعمل بنتا تھا۔

جمعہ کو پی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ملکی نظام کو ٹھیک کرنے کا عزم رکھتے ہیں جس میں شفاف انتخابات کا نظام بھی شامل ہے اور انہوں نے قوم سے خطاب میں دوبارہ اس بات کا اعادہ کیا ہے، وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ان کا مقصد حکومت کے ساتھ چپک کر رہنا نہیں بلکہ نظام کی اصلاح کرنا ہے، اگر میرے ارکان کو مجھ پر اعتماد نہیں وہ کھلے عام مخالفت کریں۔

نورالحق قادری نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں ایک طرف پارلیمان اور جمہوریت کے تقدس کی بات کرتی ہیں اور دوسری جانب انہوں نے سینیٹ انتخابات میں کامیابی کیلئے پیسے کا استعمال کیا جو کہ قوم کے ساتھ مذاق ہے، گزشتہ ہفتے سے تماشا لگا ہوا ہے، مبینہ وڈیو اور آڈیوٹیپ جو سامنے آئی ہیں وہ پوری قوم نے دیکھی ہے کہ سینیٹ انتخابات میں کیا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی اقدار کا فروغ، انسانیت کے معیار کی بہتری سمیت انصاف اور میرٹ کے نظام کی بات کرنا ہی ریاست مدینہ کے بنیادی اصول ہیں، وزیراعظم عمران خان اس حوالے سے ہر ممکن کوششیں کر رہے ہیں لیکن اس میں وقت لگے گا۔