وزیراعظم عمران خان کااقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 74ویں اجلاس سے خطاب

نیویارک ۔ 27 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے عالمی مسئلہ سے کوئی ملک تنہا نہیں نمٹ سکتا، پاکستان میں 10 ارب درخت لگانے کا بڑا منصوبہ شروع کیا ہے، دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کو اپنی ذمہ داری نبھانی چاہئے، اس حوالہ سے اقوام متحدہ قائدانہ کردار ادا کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو اقوام متحدہ کی جنرل …

نیویارک ۔ 27 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے عالمی مسئلہ سے کوئی ملک تنہا نہیں نمٹ سکتا، پاکستان میں 10 ارب درخت لگانے کا بڑا منصوبہ شروع کیا ہے، دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کو اپنی ذمہ داری نبھانی چاہئے، اس حوالہ سے اقوام متحدہ قائدانہ کردار ادا کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 74ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے مسئلہ پر عالمی سطح پر بہت سے ممالک نے سنجیدگی نہیں دکھائی ہے، ہمارے پاس بہت آئیڈیاز ہیں لیکن فنڈنگ کے بغیر سود مند ثابت نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے سب سے زیادہ متاثرہ 10 ممالک میں شامل ہے، ہمارا زرعی ملک ہے اور اس کا زیادہ انحصار دریاﺅں پر ہے جن میں 80 فیصد پانی گلیشیئرز سے آتا ہے، یہ تیزی سے پگھل رہے ہیں، اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو بڑی آفت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبہ خیبرپختونخوا میں ایک ارب درخت لگائے، اب ہمارا ہدف پورے ملک میں 10 ارب درخت لگانے کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی ایک عالمی مسئلہ ہے اور کوئی ملک اکیلا اس پر قابو نہیں پا سکتا، دنیا کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔ اس حوالہ سے اقوام متحدہ قائدانہ کردار ادا کرے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک گلوبل وارمنگ کا سبب بننے والی گرین ہاﺅس گیسز کے اخراج کے ذمہ دار ہیں، پاکستان کا اس میں حصہ نہ ہونے کے برابر ہے، امیر ممالک موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات پر قابو پانے کیلئے ذمہ دارانہ کردار ادا کریں۔