وزیراعظم عمران خان کا اہم اجلاس سے خطاب

63

اسلام آباد ۔ 11 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے مقامی طور پر منتخب نمائندگان کو بااختیار بنانے اور مقامی سطح کے مسائل کے حل کے لئے متعارف کرایا جانے والا مقامی حکومتوں کا نیا نظام حقیقی معنوں میں انقلاب برپا کرے گا، مقامی حکومتیں قومی قیادت کی نرسریاں ثابت ہوں گی۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو مقامی حکومتوں کے نئے نظام سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں وزیرِ دفاع پرویز خٹک، گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان، وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان، رکن قومی اسمبلی اسد عمر، خیبر پختونخوا کے وزیرِ خزانہ تیمور سلیم جھگڑا، صوبائی وزیر برائے لوکل گورنمنٹ شہرام خان ترکئی و سینئر افسران شریک تھے۔ اجلاس میں پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے متعارف کرائے جانے والے مقامی حکومتوں کے نئے نظام پر عمل درآمد کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔