اسلام آباد ۔ 09 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے ہفتہ کو ایران کے صدر حسن روحانی کو ٹیلی فون کیا جو علاقائی صورتحال بارے میں اہم علاقائی ملکوں اور ا ن کی قیادت کو آگاہ کرنے سے متعلق راوبط کا حصہ ہے۔ فریقین نے دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ فریقین نے وزیراعظم عمران خان کے مستقبل قریب میں ایران کے دورے سے بھی اتفاق کیا۔ دونوں رہنماﺅں نے اس بات سے بھی اتفاق کیا کہ وزیراعظم عمران خان کے دورے سے دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تعلقات ،تعاون اور روابط کو فروغ حاصل ہوگا۔ وزیراعظم عمران خان نے حالیہ دہشتگرد حملے پر تعزیت کا اظہار کیا جس میں 27 ایرانی گارڈز شہید ہوگئے تھے۔ دونوں رہنماﺅں نے دہشتگردی سے نمٹنےکیلئے دونوں ملکوں کی خفیہ ایجنسیوں کے درمیان قریبی تعاون پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے ایرانی صدر کو بھارتی جارحیت سے پیدا ہونے والی تازہ ترین صورتحال اور بات چیت کے ذریعے کشیدگی کو کم کرنے اور بھارت کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کیلئے پاکستان کی کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے اس صورتحال میں ایران جیسے اہم برادر ممالک کی جانب سے اہم کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے جموں وکشمیر کے عوام کیلئے مسلسل اور اصولی حمایت پر ایرانی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا کہ پاکستان اور ایران دو برادر ملک ہیں جو صدیوں پر محیط قریبی، ثقافتی ، تاریخی اور عوام کی سطحوں پر رابطوں کے ذریعے جڑے ہوئے ہیں اور اس خطے میں امن ، استحکام اور اقتصادی ترقی کے فروغ کیلئے ان کا کردار مرکزی رہے گا۔