اسلام آباد ۔ 8 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے پیر کو رات گئے بے گھر افراد کیلئے قائم کی گئی پناہ گاہ، راولپنڈی کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال اور ہولی فیملی ہسپتال کا اچانک دورہ کیا اور بے گھر افراد اور مریضوں کیلئے فراہم کی گئی سہولیات کا جائزہ لیا۔ وزیراعظم نے بے گھر افراد کیلئے بہترین انتظامات پر وفاقی وزیر قومی صحت اور انتظامیہ کی تعریف کی اور وفاقی وزیر قومی صحت سے ہولی فیملی ہسپتال کے بارے میں تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔ وزیراعظم عمران خان نے راولپنڈی کے فوارہ چوک کے قریب بے گھر افراد کے لئے قائم کی گئی پناہ گاہ کا دورہ کیا اور بے گھر افراد کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کے ہمراہ معاون خصوصی افتخار درانی اور سینیٹر فیصل جاوید بھی تھے۔ وزیراعظم عمران خان نے پناہ گاہ میں بے گھر افراد کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا اور پناہ گاہ کے بہترین انتظامات کرنے اور سہولیات کی فراہمی پر وفاقی وزیر قومی صحت عامر محمودکیانی اور انتظامیہ کی تعریف کی۔ وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ نہایت سرد موسم میں خلق خدا کے لئے گرم بستر اور خوراک کی فراہمی واقعی عظیم خدمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھت سے محروم انسانوں کے لئے معیاری سہولیات کا بندوبست لائق تحسین ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ پسے ہوئے محروم انسانوں اور پسماندہ افراد کی نگہداشت معاشرہ کی ذمہ داری ہے۔وزیراعظم عمران خان نے راولپنڈی کے ہولی فیملی ہسپتال کا بھی اچانک دورہ کیا جس کے دوران وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی، معاون خصوصی افتخار درانی اور سینٹر فیصل جاوید بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔ وزیراعظم عمران خان نے ہسپتال میں زیر علاج بچوں کے وارڈ اور فیملی یونٹ کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کو ہسپتال میں فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ وزیراعظم نے ہسپتال میں علاج معالجے کے مجموعی معیار کا بھی جائزہ لیا۔ عمران خان نے ہسپتال میں صفائی کی مجموعی صورتحال اور ادویات کی فراہمی کے نظام کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے اس موقع پر وفاقی وزیر قومی صحت سروسز سے ہولی فیملی ہسپتال کے بارے میں مفصل رپورٹ طلب کر تے ہوئے ہدایت کی کہ وزیر صحت کل شام تک ہسپتال کے بارے میں تفصیلی رپورٹ جمع کروائیں۔وزیراعظم عمران خان نے راولپنڈی کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کا بھی اچانک دورہ کیا، جس کے دوران وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی، معاون خصوصی افتخار درانی اور سینٹر فیصل جاوید بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔ وزیراعظم عمران خان نے ہولی فیملی ہسپتال میں زیر علاج بچوں کے وارڈ اور فیملی یونٹ کا تفصیلی دورہ کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے ہسپتالوں میں صفائی کی مجموعی صورتحال اور مریضوں کو ادویات کی فراہمی کے نظام کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے ہسپتالوں کے وارڈز کا رائونڈ بھی لگایا اور زیر علاج مریضوں سے ان کی صحت اور دستیاب سہولتوں کے بارے میں پوچھا۔ وزیراعظم نے مریضوں کے لواحقین سے بھی بالمشافہ ملاقاتیں کیں۔ وزیراعظم نے اس موقع پر حکام کو سہولیات میں اضافہ کرنے اور جدید بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ہسپتالوں میں تشخیصی اور انتہائی نگہداشت کے شعبوں میں مزید سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔