وزیراعظم عمران خان کا مقصد اقتدار نہیں، عوام اور ملک کی خدمت کرنا ہے، وہ واحد لیڈر ہیں جو ملک کو درپیش تمام چیلنجز اور بحرانوں سے نکال سکتے ہیں،فرخ حبیب

74
‏سینیٹ میں حکومت کو ایک اور بڑی کامیابی ملی، اسٹیٹ بینک ترمیمی بل سینٹ سے منظور ہو گیاہے،وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کا ٹویٹ

اسلام آباد۔23مئی (اے پی پی):وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ حکومت کی جامع معاشی پالیسیوں کی بدولت برآمدات اور زراعت کی گروتھ میں بڑی حد تک اضافہ ہوا ہے، پاکستان سٹیٹکس بیورو (پی ایس بی) نے اعدادوشمار جاری کئے ہیں ملک میں معاشی اشاریے صحیح سمت کی جانب گامزن ہیں، ملکی معیشت اور صنعتوں کا پہیہ چل پڑا ہے، جوں جوں معیشت اور صنعتیں ترقی کریں گی تو روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی نے گزشتہ 40 سالوں کے دوران باریاں لے لے کر قومی اداروں اور ملکی معیشت کو تباہ کیا ہے، وزیراعظم عمران خان کا مقصد اقتدار نہیں بلکہ عوام اور ملک کی خدمت کرنا ہے، وہ واحد لیڈر ہیں جو ملک کو درپیش تمام چیلنجز اور بحرانوں سے نکال سکتے ہیں، وزیراعظم عمران خان کی 25 سالہ جدوجہد آئین و قانون کی بالادستی کیلئے ہے، وہ دبائو میں آتے ہیں اور نہ ہی بلیک میل ہوں گے، وہ بدعنوان عناصر کے خلاف احتساب کے معاملے پر اپنے اصولی موقف پر کھڑے ہیں، حکومت مہنگائی پر قابو پانے کیلئے تمام تر ضروری اقدامات اٹھا رہی ہے، شہباز شریف کے سیاست میں متحرک ہونے سے مریم نواز کے سارے خواب چکنا چور ہو گئے ہیں۔

اتوار کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ولولہ انگیز قیادت میں ہمارا ملک معاشی سنگ میل حاصل کر رہا ہے، حکومت مختلف فلاحی پراگراموں اور منصوبوں کے ذریعے عام آدمی کو ریلیف مہیا کر رہی ہے۔ فرخ حبیب نے کہا کہ ہماری حکومت سابق ن لیگی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی طرح اعدادوشمار میں ہیر پھیر نہیں کرتی، پی ایس بی مہنگائی اور جی ڈی پی گروتھ کے اعدادوشمار جاری کرتا ہے، وہ ہر ماہ اعدادوشمار جاری کرتا رہا ہے، ایسا نہیں کہ ایک دم اعدادوشمار آ گئے ہیں، آئی ایم ایف، ورلڈ بینک اور سٹیٹ بینک بھی جی ڈی پی گروتھ میں اضافے کی پیشنگوئی کر چکے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے دور میں برآمدات کم تھی جبکہ ہمارے دور حکومت میں برآمدات میں اضافہ کے ساتھ ساتھ زرمبادلہ کے ذخائر، ترسیلات زر، سیمنٹ، گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی فروخت میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، تعمیراتی شعبہ ترقی کر رہا ہے جبکہ بند صنعتیں چلنا شروع ہو گئی ہیں جس سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر مملکت نے کہا کہ صرف جہانگیر ترین کے خلاف ہی نہیں بلکہ 20 دیگر شوگر ملوں کے خلاف بھی کارروائی ہو رہی ہے، جماعتوں کے اندر ارکان کے تحفظات ہوتے رہتے ہیں جنہیں دور کر دیا جاتا ہے لیکن وزیراعظم عمران خان احتساب کے معاملے پر اپنے اصولی موقف پر قائم ہیں اور کوئی بھی انہیں بلیک میل نہیں کر سکتا۔