اسلام آباد۔26دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے جنوبی افریقہ کے آنجہانی رہنما نیلسن منڈیلا کے قریبی بااعتماد ساتھی نوبل انعام یافتہ آرچ بشپ ڈسمنڈٹوٹو کے انتقال پرگہرے رنج وغم کا اظہارکیاہے۔
اتوار کوٹوئٹر پرجاری اپنی تعزیتی ٹویٹ میں وزیراعظم نے ڈسمنڈٹوٹو کے انتقال پرگہرے رنج وغم کااظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ ڈسمنڈٹوٹو نسل پرستی کے خلاف اورانسانی حقوق کیلئے جدوجہد میں ایک قدآورشخصیت تھے۔
وزیراعظم نے کہاکہ جنوبی افریقہ کی آزادی اورقومی مفاہت میں ان کاکلیدی کردار آنیوالی نسلوں کیلئے مشعل راہ ہے۔ نوبل امن انعام یافتہ، ایمریٹس آرچ بشپ ڈسمنڈ ٹوٹو، ایک ممتاز جنوبی افریقہ کی شخصیت جنہوں نے ملک میں نسل پرستی کے خاتمے میں مدد کی کیپ ٹائون میں انتقال کر گئے۔ ان کی عمر 90 برس تھی۔
آنجہانی آزادی اور مساوات کے بھرپور حامی تھے، انہوں نے 1990 کی دہائی میں نیلسن منڈیلا کی اقتدار میں واپسی کے بعد بننے والے ملک کےحقائق اور مصالحتی کمیشن کی سربراہی بھی کی اور نسل پرستی کے دور میں ہونے والے انسانی حقوق کے جرائم کی تحقیقات کیں۔
آنجہانی نے جنوبی افریقہ کی نسل پرستی سے جمہوریت کی طرف منتقلی میں ایک اہم کردار ادا کیا۔ ڈسمنڈ ٹوٹو نے منڈیلا کے ایک کثیر النسلی معاشرے کے وژن کو عام کیا جس میں تمام کمیونٹیز بغیر کسی نسلی امتیاز کے ایک ساتھ رہتی ہوں اور ”رینبو نیشن” بنانے کا سہرا ان کے سر جاتا ہے۔