وزیراعظم عمران خان کا نیا پاکستان ہاﺅسنگ پروگرام کی تقریب کے موقع پر اظہار خیال

120
APP65-10 ISLAMABAD: October 10 - Prime Minister Imran Khan addressing at the launching ceremony of "Naya Pakistan Housing Program" at PM Office. APP

اسلام آباد ۔ 10 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے قوم کو یقین دلایا ہے کہ ملک موجودہ مشکل صورتحال سے سرخرو ہو کر نکلے گا اور اچھا وقت آئے گا، جب قوم بدعنوان قیادت کو برداشت کرتی ہے تو اس کی قیمت ادا کرنا پڑتی ہے، مشکل وقت میں ڈرنے کی ضرورت نہیں، پاکستان وسائل سے مالا مال اور اﷲ کا تحفہ ہے، 10 سالوں میں ملک کا قرضہ 30 ہزار ارب روپے تک پہنچ گیا ہے۔ وہ بدھ کو وزیراعظم آفس میں نیا پاکستان ہاﺅسنگ پروگرام کی تقریب کے موقع پر موجودہ معاشی صورتحال کے حوالہ سے اظہار خیال کر رہے تھے۔ وزیراعظم نے اپنے خطاب کے آغاز میں کہا کہ وہ پہلے چند باتیں موجودہ صورتحال کے بارے میں قوم کے روبرو پیش کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ایشو یہ ہے کہ ہم نے بےدردی سے قرضے لئے، گذشتہ 10 سال میں قرضہ 6 ہزار ارب روپے سے 30ہزار ارب روپے تک پہنچا دیا گیا، اس کا ایک داخلی اور دوسرا بیرونی پہلو ہے۔ انہوں نے کہا کہ 8 ارب ڈالر کی درآمدات اور برآمدات کا عدم توازن ہے جو گذشتہ حکومتوں کی جانب سے ہمیں تحفہ میں ملا ہے، کرنٹ اکاﺅنٹ خسارہ 18 ارب ڈالر ہے، ہمارے پاس اتنے ڈالر نہیں کہ قرض ادا کر سکیں اس کیلئے قرض چاہئے، 10 سے 12 ارب ڈالر کا معاملہ ہے اس کیلئے ہمارے پاس دو راستے ہیں، دوست ممالک کے پاس جا کر ان سے مشکل وقت میں ساتھ دینے کا کہیں یا پھر عالمی مالیاتی فنڈ سے رجوع کریں اس پر بحث ہوئی تاکہ اس صورتحال سے نکلا جا سکے۔