وزیراعظم عمران خان کا پاکستان سیٹیزن پورٹل پر ریلیف کے حوالے سے عوام کی شکایات کے ازالے کے لئے بڑا فیصلہ ،ایک لاکھ 55ہزار شکایات کو دوبارہ کھولنے کا حکم دے دیا

130

اسلام آباد۔11اپریل (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے پاکستان سیٹیزن پورٹل پر ریلیف کے حوالے سے عوام کی شکایات کے ازالے کے لئے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے1لاکھ 55ہزار شکایات کو دوبارہ کھولنے کا حکم دے دیا ہے،جولائی 2020ء سے دسمبر 2020ء تک غیر مطمئن شہریوں کی شکایات کو دوبارہ کھولا جائے گا۔

اتوار کوپرائم منسٹر ڈیلیوری یونٹ (پی ایم ڈی یو)وزیراعظم کی ہدایات پر شکایات کو مرحلہ وار کھولا جائے گا،شکایات پر نظرثانی کیلئے دوبارہ کھولی گئی شکایات اعلی افسران کو تفویض،نظرثانی شکایات کے لیے متعلقہ شہری سے رابطہ اور مجاز افسر کی رائے لازمی قراردیا گیا ہے،وزیر اعظم آفس کے مطابق پہلے مرحلے میں جائیداد کے تنازعات، امن و امان اور انسانی حقوق سے متعلق شکایات کو دوبارہ کھولا جائے گا،وزیراعظم آفس کے مطابق وفاقی اداروں کی 68 ہزار، پنجاب کی53ہزار شکایات پر نظر ثانی کی جائے گی،خیبرپختونخوا سے15ہزار، سندھ 13ہزار، بلوچستان 1800 اور اسلام آباد سے1200 شکایات شامل ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ عوام کے مسائل کا حل اولین ترجیح ہے،شکایات کے ازالے میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔