لاہور ۔ 7 اگست (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ گورننس کی بہتری ملک کی ترقی کے لئے ضروری ہے، آئندہ نسلوں کے لئے ہمیں ملک کا نظام ٹھیک کرنا ہے، کرپشن کی کوئی گنجائش نہیں، تھانہ کلچر تبدیل کیا جائے، محکموں میں جزا و سزا کا نظام متعارف کرایا جائے، سیاسی دباﺅ کے بغیر میرٹ پر کام کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو صوبہ پنجاب کے سول افسران بشمول انتظامی محکموں کے سیکرٹریز، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، ریجنل پولیس افسران سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار، چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب بھی موجود تھے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان کو مشکل معاشی صورتحال کا سامنا رہا، معیشت قرضوں کے بوجھ تلے دبی رہی جس کی وجہ سے تعلیم، صحت اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے مطلوبہ وسائل کی کمی درپیش رہی۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کی وجہ سے بھی معیشت کو بے حد نقصان پہنچا ہے، اسی وجہ سے ہماری حکومت نے کرپشن کے خلاف جہاد شروع کیا، ساٹھ کی دہائی میں پاکستان کی ترقی کی مثالیں دی جاتی تھیں، کرپشن ہمیشہ اوپر اور ایلیٹ طبقے سے شروع ہوتی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ یہ ملک ہمارا ہے، ہمارا جینا مرنا اسی ملک میں ہے، آئندہ نسلوں کے لیے نظام ٹھیک کرنا ہے، گورننس کی بہتری ملکی ترقی کے لئے ضروری ہے۔ اس وقت ملک میں معاشی ترقی کے لیے سب سے اہم سیکٹر تعمیرات ہے۔ اس سے روزگار کے مواقع ملیں گے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ آپ اپنے اپنے دائرہ کار میں تعمیرات سیکٹر کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کریں گے اور عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ مدینہ کی ریاست میں قانون کی بالادستی، کمزور طبقے کا تحفظ اور تعلیم کا فروغ تھا۔ انہی سنہرے اصولوں پر عمل پیرا ہو کر ہم ترقی کر سکتے ہیں، اس مقصد کے حصول کے لیے افسران کا اہم ترین کردار ہے۔ غریب آدمی سے ہمدردی رکھیں، تھانہ کلچر ختم کر دیں، کرپشن اور نااہلی کی کوئی گنجائش نہیں، محکموں میں جزا اور سزا کا نظام متعارف کرایا جائے تاکہ کارکردگی میں بہتری آئے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وباءکے دوران موثر اقدامات کرنے پر پنجاب کی انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ آپ پر کوئی سیاسی دباو¿ نہیں ہوگا، میرٹ پر کام کریں، میں ہر اس افسر کے ساتھ ہوں جو میرٹ پر کام کرے گا۔