
سیالکوٹ ۔ 28 نومبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ تعلیم کے شعبہ میں سرمایہ کاری کرنے والی قومیں ترقی کے میدان میں آگے بڑھ جاتی ہیں، اقتصادی بحران سے جلد نکل آئیں گے اور تعلیم کے شعبہ پر سب سے زیادہ سرمایہ کاری کریں گے، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ پر بھرپور توجہ دینے کی ضرورت ہے، ملک کا اصل سرمایہ نوجوان اور بچے ہیں جن کیلئے خصوصی توجہ درکار ہے، سڑکوں کے فیتے کاٹنے کی بجائے یونیورسٹیوں کے فیتے کاٹنے کو ترجیح دوں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاںگورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ کے علامہ اقبال نالج پارک کیمپس لدھڑ کا سنگ بنیاد رکھنے کی پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعظم کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد حسین چوہدری ، وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی ، وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد ، وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری ،وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق ، وفاقی وزیر شفقت محمود ، وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار ،سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان ، تحریک انصاف پنجاب کے صدر عمر ڈار ، صوبائی وزیر اسپیشل ایجوکیشن چودھری محمد اخلاق و دیگر موجود تھے ۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سکول سے شروع ہونے والا ادارہ آج یونیورسٹی بن گیا ہے، اس سلسلہ میں کردار ادا کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ نے جو ترقی کی ہے وہ اس کی یونیورسٹیوں کی مرہون منت ہے، جو قومیں اپنے لوگوں اور ان کی تعلیم پر توجہ دیتی ہیں وہ آگے نکل جاتی ہیں، ترقی یافتہ ملک علم پر مبنی معیشت کی بنیاد پر ہی آگے بڑھے ہیں۔