اسلام آباد۔24جنوری (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان کو ابوظہبی کے ولی عہد اور متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر محمد بن زید نے پیر کو ٹیلی فون کیا اور لاہور میں دہشت گردی کے واقعہ میں جانی نقصان کی مذمت کی اور سوگوار خاندانوں سے اظہار تعزیت کی۔
پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ابو ظہبی کے ولی عہد نے 20 جنوری 2022 کو لاہور میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی، جس میں تین افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔ انہوں نے تمام متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ ولی عہد نے پاکستان کی قیادت، حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے تعزیت اور حمایت کے بھرپور اظہار پر ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔
ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گرد حملوں میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، مختلف فورمز پر تعاون بڑھانے اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر قریبی رابطہ جاری رکھنے کی پاکستان کی خواہش کا اظہار کیا۔ دونوں ممالک کی قیادتوں کے درمیان متواتر اور خوشگوار رابطہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان برادرانہ تعلقات کی عکاس ہے۔